• مركز أهل السنة والجماعة
  • دارُالإفتاء أوقات: ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافھہ و واتس‌اپ 08:00 تا عصر

سگریٹ پینا اور پان کھانا کیسا ہے؟

استفتاء

کیا سگریٹ پینااور پان کھانا جائز ہے، یا حرام ہے؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

عام سادہ سگریٹ اور پان کا استعمال حرام نہیں، مباح ہے۔ لیکن ایسی چیزوں سے پرہیز ہی کرنا چاہیے، کیوں کہ ان سے منہ میں بدبو پیدا ہوتی ہے، اس لیے شرفاء اور مہذب لوگ ان چیزوں سے اجتناب کرتے ہیں ۔ اگر سگریٹ یا پان میں نشہ آور تمباکو ڈالا گیا ہو تو پھر ان کا استعمال جائز نہیں ہو گا۔فقیہ الامت حضرت مولانا مفتی محمود حسن گنگوہی رحمہ اللہ تحریر فرماتے ہیں:
“جس تمباکو سے نشہ ہوتا ہے اس کا کھانا(پان میں ہو یا اور طرح سے) پینا(حقہ، بیڑی، سگریٹ، کسی طرح ہو) ناجائز ہے۔ نسوار سے اگر نشہ ہوتا ہو تو وہ بھی ناجائز ہے، ورنہ مضائقہ نہیں۔ “اس سے آگے سگریٹ پینے سے متعلق سوال کے جواب میں لکھتے ہیں:
“بلا ضرورت (شوقیہ) پینا مکروہ ہے، بغیر منہ صاف کیے ہوئے مسجد میں جانا جس کی بدبو سے دوسروں کو اذیت پہنچے منع ہے۔”(فتاویٰ محمودیہ ج 18 ص 389 ادارۃ الفاروق، کراچی)حضرت مولانا مفتی محمد کفایت اللہ دہلوی رحمہ اللہ تحریر فرماتے ہیں:
“حقہ پینا اور پان میں زردہ کھانا مباح ہے، ان دونوں کو ایسی بےاحتیاطی سے استعمال کرنا کہ منہ میں بدبو ہو جائے مکروہ ہے۔ “(کفایت المفتی ج 9 ص 145 دارالاشاعت، کراچی)واللہ اعلم بالصوابدارالافتاءمرکز اہل السنۃ والجماعۃ سرگودھا

© Copyright 2025, All Rights Reserved