- رابطہ: 00923049822051
- ای میل دارالافتاء: markazhanfi@gmail.com
استفتاء
انسان کو اللہ تعالیٰ نے اشرف المخلوقات بنایا ہے، دریافت یہ کرنا ہے کہ انسان کی یہ فضیلت تمام مخلوقات پرہے یا بعض پر؟سورت بنی اسرائیل کی آیت نمبر 70 سے معلوم ہوتا ہے کہ انسان کو اللہ تعالیٰ نے بہت ساروں پر فضیلت دی ہے سب پر نہیں دی، اس کا جواب عنایت فرمائیں ؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مخلوقات کی بنیادی طور پر چار قسمیں ہیں:1انسان 2: ملائکہ 3:جنات 4:دیگر مخلوقاتانسان کو جنات سمیت دیگر تمام مخلوقات پر بالاتفاق فضیلت حاصل ہے، باقی رہے ملائکہ تو ان پر انسان کو فضیلت حاصل ہے یا نہیں؟ اس سے پہلے یہ جان لیجیے کہ انسان اور ملائکہ کے افراد آپس میں مختلف مراتب اور درجات رکھتے ہیں ،انسان کے افراد مراتب کے لحاظ سے تین قسم پر مشتمل ہیں ۔:1 خواص مؤمنین جیسے انبیاء کرام علیہم السلام:2 تمام مؤمنین صالحین جیسے اولیا ءاللہ:3 کافر و فاجر انساناور ملائکہ اپنے باہمی مراتب کے اعتبار سے دو قسم پر ہیں ۔1: خواص ملائکہ ،جیسے حضرت جبرائیل ،حضرت میکائیل علیہم السلام2: عام ملائکہاب اس کی تفصیل یہ ہے کہ انسان کے وہ افراد جو عام مؤمنین صالحین میں داخل ہیں ان کو عام فرشتوں پرتو فضیلت حاصل ہے مگر خواص ملائکہ پر فضیلت حاصل نہیں بلکہ خواص ملائکہ عام مؤمنین صالحین سے افضل ہیں ۔انسان کے وہ افراد جو خواص مؤمنین ہیں وہ عام اور خواص تمام ملائکہ پر فضیلت رکھتے ہیں۔ باقی رہے انسان کے ایسے افراد جو کافر وفاجر ہیں وہ اپنی بد اعتقادی اور بد عملی کی وجہ سے اپنے فطری مرتبہ اور صحیح منصب و مقام سے اس قدر گر چکے ہیں کہ جانور بھی ان سےافضل و بہتر ہیں، کیوں کہ انسانیت کی فضیلت کا مدار ایمان ،تقویٰ اور اطاعت پر ہے، جب کسی میں انسانیت کا یہ بنیادی جوہر ہی نہ رہے توبظاہر وہ انسان نظر آتا ہےلیکن حقیقت میں وہ انسان کہلانے کا مستحق نہیں رہتا۔مفتی اعظم پاکستان مفتی محمد شفیع عثمانی رحمہ اللہ )ت:1394ھ ( تحریر فرماتے ہیں :“دوسری بات کہ اولاد آدم کو اکثر مخلوقات پر فضیلت دینے کا کیا مطلب ہے اس میں تو کسی کو اختلاف کی گنجائش نہیں کہ دنیا کی تمام مخلوقات علویہ اور سفلیہ اور تمام جانوروں پر اولاد آدم کو فضیلت حاصل ہے اسی طرح جنات جو عقل و شعور میں انسان ہی کی طرح ہے ان پر بھی انسان کا افضل ہونا سب کے نزدیک مُسَلَّم ہے، اب صرف معاملہ فرشتوں کا رہ جاتا ہے کہ انسان اور فرشتہ میں کون افضل ہے؟ اس میں تحقیقی بات یہ ہے کہ انسان میں عام مؤمنین صالحین جیسے اولیا ءاللہ وہ عام فرشتوں سے افضل ہیں مگر خواص ملائکہ جیسے جبرئیل میکائیل وغیرہ ان عام صالحین سے افضل ہیں اور خواص مؤمنین جیسے انبیاء علیہم السلام وہ خواص ملائکہ سے بھی افضل ہیں ۔باقی رہے کفار و فجار انسان وہ ظاہر ہے کہ فرشتوں سے توکیا افضل ہوتے وہ تو جانوروں سے بھی اصل مقصد فلاح و نجاح میں افضل نہیں ، ان کے متعلق تو قرآن کا یہ فیصلہ ہے “اُوْلٰئِکَ کَالْاَنْعَامِ بَلْ ھُمْ اَضَلُّ”یعنی یہ تو چوپایہ جانوروں کی طرح ہیں بلکہ ان سے بھی زیادہ گمراہ ہیں۔”)معارف القرآن ،ج:5،ص(507واللہ اعلم بالصوابدارالافتاءمرکز اہل السنۃ والجماعۃ سرگودھا
© Copyright 2025, All Rights Reserved