• مركز أهل السنة والجماعة
  • دارُالإفتاء أوقات: ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافھہ و واتس‌اپ 08:00 تا عصر

احناف کا عقائد میں خود کو ماتریدی کہنا

استفتاء

ہم احناف عام طور پر عقائد میں اپنے کو ”ماتریدی“ کہتے ہیں حالانکہ خود ہمارے امام کے عقائد موجود ہیں تو ہم خود کو ”حنفی العقائد“ کیوں نہیں کہتے؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

ہمارا انتساب عقائد واصول میں امام اعظم ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ ہی کی طرف ہے جس طرح احکام وجزئیات میں ہماری نسبت انہی کی طرف ہے۔ امام ابو منصور محمد بن محمد بن محمود ماتریدی الحنفی (ت333ھ) کی طرف نسبت کی وجہ یہ ہے کہ ان کے دور میں فرقہ معزلہ اور دیگر باطل فرقوں نے عقائد کی ایسی تعبیرات و تشریحات کیں جو اھل السنۃ والجماعۃ کے اعتقادات اور مسلّمات کے خلاف تھیں۔ امام ماتریدی رحمۃ اللہ علیہ نے معتزلہ وغیرہ کا رد کر کے اھل السنۃ والجماعۃ کے عقائد کی صحیح ترجمانی کی تو ہمارا خود کو ”ماتریدی“ کہنا اس بنا پر ہے کہ ہم ان تعبیرات میں معتزلہ کے بجائے امام ماتریدی رحمۃ اللہ علیہ کی رائے کو اختیار کرتے ہیں۔تو عقائد میں ہمارا انتساب امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کی طرف ہی ہے۔ ” ماتریدی“ نسبت امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے مقابلے میں نہیں بلکہ معتزلہ کے مقابلہ میں ہے کہ ہم عقائد کی ان تشریحات کو مانتے ہیں جو امام ماتریدی رحمۃ اللہ علیہ نے کی ہیں، نہ کہ ان تشریحات کو معتزلہ اور دیگر باطل فرقوں نے کی ہیں۔ امام ماتریدی رحمۃ اللہ علیہ کی طرف نسبت امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کی طرف نسبت کو محو نہیں کرتی۔اسے مثال کے ساتھ یوں بھی سمجھا جا سکتا ہے کہ صحیح و برحق عقائد اور اعمال؛ اھل السنۃ والجماعۃ کے ہیں۔ ہمارے ہاں برصغیر پاک وہند میں بعض لوگوں نے خود کو اہل السنۃ کہا لیکن عقائد اور اعمال کی تعبیرات اور تشریحات غلط بیان کیں۔ ہمارے اکابرین حضرات علمائے دیوبند نے اھل السنۃ والجماعۃ کے عقائد کی صحیح ترجمانی امت کے سامنے پیش کی۔ اب ہم خود کو ”دیوبندی“ کہتے ہیں لیکن یہ دیوبندی کہنا ”اھل السنۃ والجماعۃ“ کے مقابلے میں نہیں بلکہ ان اہل بدعت کے مقابلے میں ہے جو خود کو اہل السنۃ کہہ کر غلط نظریات کا پرچار کرتے ہیں۔خلاصہ یہ کہ جس طرح علمائے دیوبند کی طرف نسبت کر کے خود کو ”دیوبندی“ کہنا یہ ”اھل السنۃ والجماعۃ“ ہونے کے منافی نہیں اسی طرح خود کو ”ماتریدی“ کہنا ”حنفی العقائد“ ہونے کے منافی نہیں۔واللہ اعلم بالصوابدارالافتاءمرکز اہل السنۃ والجماعۃ سرگودھا

© Copyright 2025, All Rights Reserved