• مركز أهل السنة والجماعة
  • دارُالإفتاء أوقات: ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافھہ و واتس‌اپ 08:00 تا عصر

غیر مسلم خاتون کو کلمہ پڑھنے پر آمادہ کیا مگر دیگر عبادات سے روک دیا، اب کیا کروں؟

استفتاء

میرا سوال یہ ہے کہ میں نے ایک عیسائی عورت کو اسلام کی دعوت دی اس نے عذر پیش کیا کہ کلمہ پڑھنے کی صورت میں میرا میکہ اور سسرال دونوں چھوٹ جائیں گے ۔ میں نے کہا آپ چھپا کر رکھیں اپنا ایمان نہ بتائیں کسی کو، اس نے نماز کا پوچھا کہ پھر نماز کا کیا بنے گا؟ میں نے کہا اور کچھ بھی نہ ہو، ابھی آپ کلمہ پڑھ لیجیے، یہ بخشش اور نجات کا باعث ہے، چنانچہ اُس نے ایسا ہی کیا، یعنی الحمد للہ کلمہ پڑھ کر مسلمان ہو گئی۔ مگر میں نے وقتی مصلحت اور ضرورت کے پیشِ نظر جانے اَن جانے میں اُسے باقی اعمال سے روک دیا ، اس سے میرا مقصد اس کو ضرر سے بچانا تھا۔
پھر میں اپنے سسرال واپس آ گئی تو اس سے کوئی ملاقات نہ ہو سکی۔ اب میں بہت پریشان ہوں کہ اسے اعمال سے منع کیوں کیا، مگر حقیقت یہ ہے کہ میرا فوکس اس بات پر تھا کہ فی الحال تو یہ کلمہ پڑھ کر مسلمان ہو جائیں ۔ برائے مہربانی اس کا جواب دیجیے۔ اللہ تعالیٰ آپ کا حامی و ناصر ہو ، آمین ۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

آپ نے یہ کام تو بہت اچھا کیا کہ اس غیر مسلم خاتون کو کلمہ پڑھنے کی ترغیب دی، آمادہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ کلمہ پڑھ کر دائرۂ ِ اسلام میں داخل ہو گئی ، اس طرح اللہ پاک نے اسے کفر کی ظلمت سے نکال کر نورِ ایمان سے آراستہ فرمایا۔ آپ کو چاہیے تھا کہ آپ اسے دین کے بنیادی عقائد اور فرائض و واجبات سے آگاہ کرتیں، اور حالات کے سازگار اور موافق ہونے تک اسے پوشیدہ طریقے سے عبادات بجا لانے کا کہتیں۔باقی آپ کا اسے عبادات بجا لانے سے روکنا محض اسے ضرر اور تکالیف سے بچانے کی غرض سے تھا، اس کےذمہ سے عبادات کو ساقط کرنے یا عبادات کی وقعت و اہمیت کو ختم کرنے کی نیت سے نہ تھا، جیسا کہ خود آپ کا اعتراف ہے کہ ” مگر میں نے وقتی مصلحت اور ضرورت کے پیشِ نظر جانے اَن جانے میں اُسے باقی اعمال سے روک دیا ، اس سے میرا مقصد اس کو ضرر سے بچانا تھا”۔ اس لیے اللہ تعالیٰ کی رحمت و شفقت اور فضل و کرم سے امید ہے کہ اس کا مؤاخذہ نہیں فرمائیں گے۔البتہ اب آپ اپنے ضمیر اور قلب کے اطمینان کی خاطر استغفار کرتی رہیں اور اس نومسلم خاتون کے ایمان کی سلامتی اور راہِ راست پر عافیت کے ساتھ قائم رہنے کی دعا بھی ضرور کرتی رہیں۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کے ایمان کو محفوظ رکھے، آمین۔واللہ اعلم بالصوابدارالافتاءمرکز اہل السنۃ والجماعۃ سرگودھا

© Copyright 2025, All Rights Reserved