- رابطہ: 00923049822051
- ای میل دارالافتاء: markazhanfi@gmail.com
استفتاء
احناف اپنے آپ کو ماتریدی کہتے ہیں حالانکہ احناف تقلید تو امام ابو حنیفۃ کی کرتے ہیں تو عقائد میں بھی خود کو امام ابو حنیفہ کی طرف نسبت کر کے حنفی کہیں۔کیا احناف نے عقائد میں امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ علیہ کو چھوڑ دیا ہے؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
واضح رہے کہ احناف نےعقائد کے باب میں امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ علیہ کو چھوڑا نہیں ہے،اور نہ ہی عقائد میں کسی کی تقلید کی جاتی ہےبلکہ فروعی مسائل میں تقلید کی جاتی ہے ۔ عقائد کے بیان و اسلوب کا جو سلسلہ امام ابوحنیفہ سے چلا تھا، اسی سلسلے کو امام ابومنصور ماتریدی رحمہ اللہ علیہ نے مضبوط و مستحکم کیا اور اس کے بعد جتنے بھی علماء اس فن کے ماہر ہوئے وہ یا تو براہ راست انہی کے شاگرد تھے یا ان کے شاگردوں کے شاگرد اورانہی کی کتابوں کے فیض یافتہ تھے ، اس لیے نسبت انہی کی طرف کی جاتی ہے ۔ہم اصول و فروع میں امام اعظم امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے مقلد ہیں اور عقائد میں اپنی نسبت امام ابو منصور الماتریدی کی طرف اس لیے کرتے ہیں کیونکہ علم کلام کے میدان میں باطل اور گمراہ فرقے مثلا معتزلہ، جہمیہ، کرامیہ، مشبہ وغیرہ نے عقائد کی ایسی تعبیر اور تشریحات کی تھیں جو اھل السنہ والجماعہ کے اعتقادات کے خلاف تھی رد کرکے اہل السنہ والجماعہ کے عقائد کی صحیح ترجمانی کی اس لیے ہم اپنی نسبت ان کی طرف کرتے ہیں۔امام ابو منصور محمد بن محمود السمرقندی الماتریدی تین واسطوں سے امام اعظم امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے شاگرد ہیں اور فقہ میں امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے مقلد ہیں آپ نے تمام باطل فرقوں کا مقابلہ کیا اوراہل السنہ والجماعۃ کے عقائد کی صحیح ترجمانی کی۔خلاصہ یہ ہے کہ ہماری ماتریدی کی نسبت معتزلہ کے مقابلے میں ہے نہ کہ امام اعظم امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ علیہ کے مقابلے میں ۔واللہ اعلم بالصوابدارالافتاءمرکز اہل السنۃ والجماعۃ سرگودھا
© Copyright 2025, All Rights Reserved