- رابطہ: 00923049822051
- ای میل دارالافتاء: markazhanfi@gmail.com
استفتاء
ہمارے دادا کی زندگی میں ان کے پوتا؛ نے زبردستی قتل کی دھمکی دے کر میراث کی تقسیم کروائی۔ جب کہ ہمارے داداکے بیٹا بیٹی موجود تھے اور دادامیراث تقسیم کرنے پر تیار نہیں تھے ، لیکن دھمکی دے کر ان سے کروائی گئی ہے۔میراث کی تقسیم اس طرح کی گئی ہے کی صرف بیٹوں کو حصہ دیا گیا ہے بیٹیوں کو حصہ نہیں دیا گیا۔ تو اب ہمارے ابو اپنی بہنوں کو اپنے حصے میں سے دینے کو کہہ رہے ہیں تو کیسےحصہ دیا جائےگا ؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
اس حوالے سے چند باتیں سمجھ لیجیے!پہلی بات :اپنی زندگی میں جو جائیداد تقسیم کی جائے اسے وراثت یا ترکہ کی تقسیم نہیں کہا جاتا بلکہ یہ تقسیم ہدیہ، ہبہ، گفٹ یا عطیہ کہلاتی ہے۔ انسان کی وفات کے بعد اس کے مملوکہ مال کو شرعی ورثاء کے درمیان تقسیم کرنے کو میراث یا ترکہ کی تقسیم کہا جاتا ہے۔دوسری بات:آپ کے دادا محترم کسی دباؤ یا مجبوری کے تحت ہی سہی، جب جائیداد تقسیم کرنے پر آمادہ ہوئے تھے، تو بھی ان پر لازم تھا کہ وہ اس تقسیم میں تمام اولاد کو حصہ دیتے، یعنی بیٹوں کے ساتھ بیٹیوں کو بھی ضرور شامل کرتے۔ بیٹیوں کو جائیداد سے محروم کرنا بہت بڑا گناہ ہے۔تیسری بات:اب آپ کے والد صاحب اگر اپنی خوش دلی اور رضامندی سے اپنی بہنوں کو اپنے حصے میں سے کچھ دینا چاہتے ہیں تو ان کا یہ عمل نہایت قابلِ تحسین، باعثِ اجر اور صلہ رحمی کا بہترین نمونہ ہے۔ اور امید ہے کہ ان کا یہ نیک عمل ان کے والد گرامی ( آپ کے دادا محترم) کی طرف سے ہونے والی شرعی لغزش کی معافی کا ذریعہ بنے گا۔چوتھی بات:چونکہ یہ معاملہ شرعی اصطلاح میں تقسیمِ میراث نہیں بلکہ زندگی میں کی گئی تقسیم ہے، اس لیے اس میں شریعت کی طرف سے مقرر کردہ وراثتی حصوں (جیسے نصف، تہائی وغیرہ) کی پابندی لازم نہیں۔ لہٰذا آپ کے والد گرامی کو اختیار ہے کہ وہ اپنی خوشی، استطاعت اور حالات کے مطابق جتنا مناسب سمجھیں اپنی بہنوں کو دے دیں۔پانچویں بات:اگر آپ کے والد صاحب کے بھائی (آپ کے چچا)بھی موجود ہوں تو وہ ان کو بھی سمجھائیں ، ترغیب دیں، اگر وہ بھی اس کارِ خیر میں شریک ہو جائیں اور تمام بھائی مل کر اپنی بہنوں کے ساتھ انصاف اور حسنِ سلوک کا رویہ اختیار کریں تو یہ زیادہ بہتر، زیادہ باعثِ اجر اور خاندانی اصلاح کا مضبوط ذریعہ ہوگا۔واللہ اعلم بالصوابدارالافتاءمرکز اہل السنۃ والجماعۃ سرگودھا
© Copyright 2025, All Rights Reserved