• مركز أهل السنة والجماعة
  • دارُالإفتاء أوقات: ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافھہ و واتس‌اپ 08:00 تا عصر

کیا حضرت زینب رضی اللہ عنہا کا نکاح کافر سے ہوا تھا؟

استفتاء

میں نے سنا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی صاحب زادی حضرت زینب رضی اللہ عنہا کا نکاح ابوالعاص کے ساتھ ہوا تھا جو کہ کافر تھے، تو سوال یہ ہے کہ کافر سے نکاح کیوں کیا گیا؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صاحبزادی حضرت زینب رضی اللہ عنہا کا نکاح جس وقت ہوا حضرت ابو العاص رضی اللہ عنہ سے ہوا اس وقت غیر مسلموں  کے ساتھ نکاح کرنا جائز تھا، اس کی ممانعت  شریعت کی طرف سے نہیں آئی تھی ، بعد میں اس کی ممانعت وارد ہوئی۔ حضرت ابوالعاص رضی اللہ عنہ  نےغزوہ بدر کے بعد اسلام قبول کر لیا تھا۔
اسی طرح  غیر مسلموں کے ساتھ نکاح کی ممانعت سے قبل آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی صاحبزادی حضرت رُقیہ رضی اللہ عنہا کا نکاح عُتبہ بن ابی لہب کے ساتھ ، اور حضرت امّ کلثوم رضی اللہ کا نکاح عُتیبہ بن ابی لہب کے ساتھ ہوا تھا۔ ابھی رخصتی کی نوبت نہیں آئی تھی کہ سورۃ اللَّہب نازل ہوئی، جس میں ابولہب  اور اس کی  بیوی کی شدید مذمّت بیان کی گئی، یہ سن کر ابولہب طیش میں آ گیا اور انتقاماً اپنے بیٹوں کو طلاق دینے پر آمادہ کیا، چنانچہ عتبہ اور عتیبہ نے طلاق دے دی۔اس کے بعد ان دونوں(حضرت رقیہ اور حضرت امّ کلثوم) کی شادی یکے بعد دیگرے حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کے ساتھ ہوئی۔ پہلے حضرت رقیہ  رضی اللہ عنہا کے ساتھ ہوئی تھی، ان کی وفات کے بعد حضرت امّ کلثوم رضی اللہ عنہا کے ساتھ ہوئی تھی، اس لیے حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کو “ذوالنورین” کہا جاتا ہے۔
واللہ اعلم بالصواب
دارالافتاء 
مرکز اہل السنۃ والجماعۃ سرگودھا

© Copyright 2025, All Rights Reserved