• مركز أهل السنة والجماعة
  • دارُالإفتاء أوقات: ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافھہ و واتس‌اپ 08:00 تا عصر

خودکشی کرنے والے مسلمان کی نماز جنازہ پڑھنے، ایصال ثواب اور دعاء مغفرت کرنے کا حکم

استفتاء

جب کوئی مسلمان خود کشی کر لے تو اس کی نماز جنازہ پڑھی جائے گی یا نہیں ؟ نیز خود کشی کرنے والے کے لیے ایصال ثواب کرنا درست ہے یا نہیں؟ اور اس کے لیے مغفرت کی دعا بھی کی جا سکتی ہے یا نہیں؟ یہ مسئلہ شریعت مطہرہ کی روشنی میں واضح فرمائیں ! کیونکہ ایک مولانا صاحب فرما رہے تھے کہ جو کچھ بھی پڑھا جائے گا وہ خود کشی کر نے والے مردے تک نہیں پہنچتا!

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

کسی میت کی بخشش ہونے یا نہ ہونے اور اس تک ثواب پہنچنے یا نہ پہنچنے کا مدار اس میت کے ایمان یا کفر پر ہوتا ہے۔ اگر میت کافر ہو تو اس کی بخشش ہوتی ہے نہ اس تک ثواب پہنچتا ہے۔ اگر میت مومن ہو تو اس کی بخشش بھی ہوتی ہے اور اس تک ثواب بھی پہنچا ہے۔
کبھی ایسا ہوتا ہے کہ بندہ مومن تو ہوتا ہے لیکن کسی گناہ کبیرہ کا ارتکاب کر کے بغیر توبہ کیے دنیا سے رخصت ہو جاتا ہے تو اس صورت میں بھی اس تک زندہ لوگوں کی طرف سے بھیجا جانے والا ثواب پہنچتا ہے اور وہ گناہوں کی سزا بھگت کر انجام کار جنت میں داخل ہو گا۔
ہم اھل السنۃ والجماعۃ احناف دیوبند کا نظریہ ہے کہ گناہِ کبیرہ کا ارتکاب کرنے والا شخص ایمان سے خارج نہیں ہوتا۔ خودکشی کے علاوہ دیگر بہت سے کبیرہ گناہ ہیں مثلاً سود، شراب، زنا، چوری وغیرہ۔ اگر ان کا مرتکب کوئی شخص بغیر توبہ کے دنیا سے چلا جائے تو اس کو ان جرائم کی وجہ سے کافر تو نہیں کہا جاتا بلکہ مسلمان ہی سمجھا جاتا ہے اور اس کے حق میں دعائے مغفرت اور ایصال ثواب کو بھی جائز سمجھا جاتا ہے۔ بالکل اسی طرح خود کشی والا عمل بہت برا اور حرام ہے۔ اس کی قباحت کو لوگوں کے دلوں میں پختہ کرنے کے لیے شریعت کی تعلیم ہے کہ خودکشی کرنے والے شخص کی نماز جنازہ میں مقتدر اور مقتدا شخصیات شرکت نہ کریں تاکہ لوگوں کو عبرت ہو اور آئندہ کوئی شخص ایسی گھٹیا حرکت کی جرات نہ کر سکے۔ ہاں! اگر کوئی شخص خود کشی کو حلال سمجھ کر اپنے آپ کی جان لیتا ہے تو ایسا شخص دائرہ اسلام سے خارج ہو جاتا ہے۔ ایسے شخص کی نماز جنازہ، دعا مغفرت اور اس کے لیے ایصال ثواب کرنا جائز نہیں ہو گا کیوں کہ کسی بھی حرام کو حلال یا حلال کو حرام سمجھنے سے انسان ایمان سے محروم ہو جاتا ہے۔واللہ اعلم بالصوابدارالافتاءمرکز اہل السنۃ والجماعۃ سرگودھا

© Copyright 2025, All Rights Reserved