- رابطہ: 00923049822051
- ای میل دارالافتاء: markazhanfi@gmail.com
استفتاء
ایک مسئلہ پوچھنا تھا کہ آج کل اسلامی معاشرے میں جمعہ کے دن لوگ ایک دوسرے کو ”جمعہ مبارک“ کہتے ہیں اور صرف یہی نہیں بلکہ جمعہ مبارک کہنے کو مستحب سمجھتے ہیں۔ اب سوال یہ ہے کہکیا ”جمعہ مبارک“ کہنا جائز ہے ؟اور جمعہ مبارک کہنے کو بدعت کہہ سکتے ہیں یا نہیں ؟اور کیا یہ عمل حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ مبارک میں تھا؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
اس بارے میں ہمارا موقف یہ ہے کہ جمعہ کے دن کو ”جمعۃ المبارک“ کہنا یا لکھنا محض کہنے اور لکھنے کی حد تک تو درست تھا کیونکہ اس میں خیر و برکت کا وجود ہے البتہ آج کل جس طرح اس کی مبارکباد دینے کا رواج چل پڑا ہے اس سے سخت خطرہ ہے کہ آئندہ چل کر یہ مستقل رسم کی صورت نہ اختیار کر لے۔ اس لیے مبارکباد (چاہے وہ میسج یا پوسٹ یا ای میل کی صورت میں ہو یا کسی بھی اور طریقہ سے ہو) دینے سے احتراز کرنا چاہیے۔
ہماری معلومات کے مطابق فی الوقت لوگ اسے ”مستحب“ نہیں سمجھ رہے لیکن آئندہ چل کر اگر ایسی صورتحال پیدا ہو کہ لوگ اسے ”مستحب“ ہی سمجھنے لگیں تو اس وقت اس عمل کو ”بدعت“ ضرور کہا جائے گا۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ مبارک میں یہ عمل نہیں تھا، اس لیے اگر سائل کے علاقہ میں اس عمل کو واقعتاً ”مستحب“ سمجھا جا رہا ہے تو اسے بدعت کہا جائے گا اور اس سے احتراز کرنے کا حکم دیا جائے۔
واللہ اعلم بالصواب
دارالافتاء
مرکز اہل السنۃ والجماعۃ سرگودھا
© Copyright 2025, All Rights Reserved