- رابطہ: 00923049822051
- ای میل دارالافتاء: markazhanfi@gmail.com
استفتاء
انتظامیہ مسجد کے چند احباب اپنی جانب سے ہرجمعرات کو روزہ افطار کرانے کا اہتمام کرتے ہیں، جن میں روزہ داروں کے علاوہ دیگر نماز ی حضرات بھی شامل ہوتے ہیں۔ کچھ دنوں بعد ان شاءاللہ تعالیٰ سوموار کی افطاری کا بھی پروگرام ترتیب دیا ہے، جو احباب انتظام کرتے ہیں انہوں نے سنت روزوں میں عوام کا رجحان پیدا کرنے کی نیت سے یہ سلسلہ شروع کیا ہے، الحمدللہ بہت سے ساتھی روز ہ رکھ لیتے ہیں۔ دریافت یہ کرنا ہے کہ اس عمل کو بدعت سے منسوب کیا جائے گا یانہیں؟ جب کہ جمعرات اور سوموار کاروزہ رکھنا سنت عمل ہے۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
سوموار اور جمعرات کے علاوہ ہر ماہ ایامِ بیض (ہر چاند کی تیرہ، چودہ اور پندرہ تاریخ) کو روزہ رکھنا بہت اجر و ثواب کا کام ہے، اسی طرح روزہ دار کو افطار کرانا بھی باعثِ اجر عمل ہے۔آپ کی مسجد کے جن احباب نے مسنون روزہ کی طرف رجحان اور میلان پیدا کرنے کی غرض سے یہ سلسلہ شروع کیا ہے ، یہ اچھا اقدام ہے، لیکن اس چیز کا اس حد تک التزام کرنا کہ لوگ اسے لازم اور ضروری سمجھنے لگ جائیں، یہ جائز نہیں ہو گا۔ اس کا حل یہ ہے کہ کبھی کبھی اس میں ناغہ کر دیا جائے اور جب لوگوں میں مسنون روزہ رکھنے کی رغبت اور رجحان پوری طرح پیدا ہو جائے تو اس سلسلہ کو موقوف کر دیا جائے۔واللہ اعلم بالصوابدارالافتاءمرکز اہل السنۃ والجماعۃ سرگودھا
© Copyright 2025, All Rights Reserved