• مركز أهل السنة والجماعة
  • دارُالإفتاء أوقات: ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافھہ و واتس‌اپ 08:00 تا عصر

دوپٹہ سر سے اتر جائے تو کیا رحمت کے فرشتے چلے جاتے ہیں؟

استفتاء

کیا اگر گھر کے اندر عورت کے سر سے دوپٹہ ہٹ جائے تو رحمت کے فرشتے اس سے دور چلے جاتے ہیں؟ اگر یہ بات صحیح طریقے سے ثابت ہے تو کتنا دوپٹہ اترنے پہ یہ حکم لاگو ہو گا؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

ایسے مواقع یا احوال جن میں فرشتے انسان سے دور ہٹ جاتے ہیں وہ دو طرح کے ہیں :(1) جس گھر میں تصویر، کتا، جنابت(ناپاکی) کی حالت میں کوئی شخص، گھنٹی اور چیتے کی کھال موجود ہو اس میں فرشتے نہیں آتے۔ مگر ان فرشتوں سے مراد صرف ملائکہ رحمت ہیں، باقی محافظ فرشتے اور کراماً کاتبین اس میں شامل نہیں ، کیوں کہ وہ موجود رہتے ہیں۔(2) انسان کی ایسی حالتیں جن میں ستر(پوشیدہ اعضاء) کھل جاتے ہیں، مثلاً: قضائے حاجت، برہنہ غسل، میاں بیوی کے ملاقات کے وقت، یا ویسے ہی کوئی مکمل بے لباس ہو جائے تو ان مواقع میں ملائکہ رحمت کے ساتھ ساتھ محافظ فرشے اور کراماً کاتبین بھی شرم و حیا کی بناء پر دور ہٹ جاتے ہیں۔ملائکہ کے دور چلے جانے کے احوال و مواقع میں سر سے دوپٹہ اتر جانے والی بات کسی صحیح حدیث سے صراحتاً ثابت نہیں ہے۔ اس لیے فقہاء کرام رحمہم اللہ نے یہ مسئلہ لکھا ہے کہ عورت اپنے گھر میں سر سے دوپٹہ اتارے ہوئے چل پھر سکتی ہے، بشرطیکہ کوئی غیر محرم موجود نہ ہو۔ تاہم افضل اور بہتر یہی ہے کہ دوپٹہ یا سکارف پہن لیا کرے۔ کیوں کہ اپنے گھر میں بھی بِلا وجہ اور بِلاضرورت ننگے سر رہنے کی عادت بنا لینا پسندیدہ عمل نہیں ہے۔واللہ اعلم بالصوابدارالافتاءمرکز اہل السنۃ والجماعۃ سرگودھا

© Copyright 2025, All Rights Reserved