• مركز أهل السنة والجماعة
  • دارُالإفتاء أوقات: ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافھہ و واتس‌اپ 08:00 تا عصر

ایک شخص کے رویت ھلال کا حکم

استفتاء

عرض یہ ہے کہ اگر کسی ایک آدمی نے رمضان یا عید الفطر کا چاند دیکھا ہو اور رویت عامہ نہ ہوئی ہو تو اس دیکھنے والے کیلئے کیا حکم ہے ؟آیا اس کےلیے روزہ رکھنا یا عید الفطر منانا جائزہے یا نہیں ؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

رمضان کا چاند دیکھنے  اور عید کے چاند کے متعلق احکام الگ الگ ہیں۔رمضان کے چاند میں خبر کو کافی سمجھا  جاتا ہے بشرطیکہ خبر دینے والا ثقہ مسلمان ہو۔
روایات میں  مذکور ہے ایک اعرابی کے کہنے پرحضور صلی اللہ علیہ وسلم نے رمضان شروع کرنے اور روزہ رکھنے کا اعلان فرمادیا، نصابِ شہادت کو ضروری نہیں سمجھا۔
عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ قَالَ جَاءَ أَعْرَابِیٌّ إِلَی النَّبِیِّ صَلَّی اللَّہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ فَقَالَ إِنِّی رَأَیْتُ الْہِلَالَ قَالَ الْحَسَنُ فِی حَدِیثِہِ یَعْنِی رَمَضَانَ فَقَالَ أَتَشْہَدُ أَنْ لَا إِلَہَ إِلَّا اللَّہُ قَالَ نَعَمْ قَالَ أَتَشْہَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا رَسُولُ اللَّہِ قَالَ نَعَمْ قَالَ یَا بِلَالُ أَذِّنْ فِی النَّاسِ فَلْیَصُومُوا غَدًا.
جامع ترمذی۔کتاب الصوم ،رقم الحدیث :691
ترجمہ: حضرت ابن عباس  رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں  کہ ایک اعرابی حضور صلی اللہ علیہ و سلم  کے پاس آیا اور کہا کہ میں نے چاند دیکھاہے آپ صلی اللہ علیہ و  سلم نے فرمایا کہ کیا تم گواہی دیتے ہو کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں  اور محمد [صلی اللہ علیہ و سلم ] اللہ کے رسول ہیں اس نے کہا ہاں دیتا ہوں آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا :بلال! لوگوں میں اعلان کر دو  کہ کل روزہ رکھیں 
رمضان کے علاوہ عید وغیرہ  کی شہادت کے لیے نصابِ شہادت اور اس کی تمام شرائط کو ضروری قرار دیا گیا ہے   ۔
عید کے چاند کے لئے یہ شرط ہے کہ دو مردیاایک مرد اور دو عورتیں گواہی دیں کہ انہوں نے خود چاند دیکھا ہے، نیز یہ بھی شرط ہے کہ یہ گواہ لفظ “اشہد” کے ساتھ گواہی دیں، یعنی جس طرح عدالت میں گواہی دی جاتی ہے، اسی طرح یہاں بھی یہ الفاظ کہیں کہ: “میں گواہی دیتا ہوں کہ میں نے چاند دیکھا ہے۔” جب تک نصابِ شہادت (دو عادل ثقہ مسلمان مرد ، یا ایک مرد اور دو عورتیں) لفظِ شہادت کے ساتھ گواہی نہ دیں، عید کا چاند ثابت نہیں ہوگا۔
                            واللہ اعلم بالصواب
دارالافتاء 
مرکز اہل السنۃ والجماعۃ سرگودھا

© Copyright 2025, All Rights Reserved