- رابطہ: 00923049822051
- ای میل دارالافتاء: markazhanfi@gmail.com
استفتاء
میرا سوال یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے کل کتنی کتابیں اور صحیفے آسمان سے نازل فرمائے، اگر ذرا تفصیل سے آگاہ فرمائیں تو شفقت ہو گی۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
انبیاء کرام علیہم السلام پر نازل ہونے والی کتب اور صحائف کی تعداد ایک سو چار منقول ہے۔ ان میں چار کتب تورات، انجیل، زبور اور قرآن نازل ہوئیں اور باقی ایک سو صحیفے نازل ہوئے۔ جن کی تفصیل حسبِ ذیل ہے:حضرت شیث علیہ السلام پر پچاس، حضرت ادریس علیہ السلام پر تیس،حضرت ابراہیم علیہ السلام پر دس اور حضرت موسیٰ علیہ السلام پر تورات کے نزول سے قبل دس صحائف نازل ہوئے۔ حضرت ابو ذر غفاری رضی اللہ عنہ سے ایک طویل حدیث مروی ہے، اس میں ہے کہ حضرت ابو ذر رضی اللہ عنہ نے حضرت پاک صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا:يَا رَسُولَ اللَّهِ! كَمْ كِتَابًا أَنْزَلَهُ اللَّهُ؟، قَالَ: مِائَةُ كِتَابٍ، وَأَرْبَعَةُ كُتُبٍ، أُنْزِلَ عَلَى شِيثٍ خَمْسُونَ صَحِيفَةً، وَأُنْزِلَ عَلَى أَخْنُوخَ ثَلَاثُونَ صَحِيفَةً، وَأُنْزِلَ عَلَى إِبْرَاهِيمَ عَشَرُ صَحَائِفَ، وَأُنْزِلَ عَلَى مُوسَى قَبْلَ التَّوْرَاةِ عَشَرُ صَحَائِفَ، وَأُنْزِلَ التَّوْرَاةُ وَالْإِنْجِيلُ وَالزَّبُورُ وَالْقُرْآنُ”.(صحیح ابن حبان: رقم الحدیث 361)
ترجمہ: اے اللہ کے رسول! اللہ تعالیٰ نے کتنی کتب نازل فرمائیں؟ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے جواب دیا: ایک سو صحیفے اور چار کتابیں نازل فرمائیں۔ حضرت شیث علیہ السلام پر پچاس صحیفے، حضرت اَخْنُوْخ علیہ السلام پر تیس صحیفے،حضرت ابراہیم علیہ السلام پر دس صحیفے اور حضرت موسیٰ علیہ السلام پر تورات کے نزول سے قبل دس صحائف نازل فرمائے۔ اللہ تعالیٰ نے کتب میں تورات، انجیل، زبور اور قرآن کو نازل فرمایا۔فائدہ:اس حدیث مبارک میں ”اَخْنُوْخ“ نبی کا تذکرہ ہے کہ ان پر تیس صحیفے نازل ہوئے تھے۔ ”اَخْنُوْخ“ سے مراد حضرت ادریس علیہ السلام ہیں۔علامہ ناصر الدین ابو سعید عبد اللہ بن عمر شیرازی البیضاوی (ت685ھ) سورۃ مریم کی آیت نمبر 56 وَ اذۡکُرۡ فِی الۡکِتٰبِ اِدۡرِیۡسَ ۫ اِنَّہٗ کَانَ صِدِّیۡقًا نَّبِیًّا کی تفسیر میں لکھتے ہیں:﴿ وَ اذۡکُرۡ فِی الۡکِتٰبِ اِدۡرِیۡسَ ﴾ وَهُوَ سِبْطُ شِيْثٍ وَجَدُّ أَبِيْ نُوْح عَلَيْهِمُ السَّلَامُ وَاسْمُهٗ أَخْنُوْخُ.(التفسیر البیضاوی: ج1 ص22)
ترجمہ: اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: کتاب میں ادریس کا تذکرہ کیجیے۔ حضرت ادریس؛ حضرت شیث کے پوتے اور حضرت نوح کے والد کے دادا ہیں۔ ان کا نام اخنوخ ہے۔واللہ اعلم بالصوابدارالافتاءمرکز اہل السنۃ والجماعۃ سرگودھا
© Copyright 2025, All Rights Reserved