• مركز أهل السنة والجماعة
  • دارُالإفتاء أوقات: ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافھہ و واتس‌اپ 08:00 تا عصر

کچرا پھینکنے والی خاتون کے واقعہ کی تحقیق

استفتاء

ایک واقعہ کی تحقیق مطلوب ہے جو عوام اور بہت سے خطباء اکثر بیان کرتے ہیں کہ ایک بڑھیا ہر روز حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم پر کچرا پھینکتی تھی۔ ایک روز کچرا نہیں پھینکا تو حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے بارے میں دریافت فرمایا تو معلوم ہوا کہ وہ بڑھیا بیمار پڑ گئی ہے، چنانچہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کی عیادت کی، حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے اس حسنِ اخلاق سے متأثر ہو کر اس بڑھیا نے اسلام قبول کر لیا۔ براہِ کرم اس واقعہ کی حقیقت سے آگاہ فرمائیں ۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

یہ واقعہ محض عوام میں معروف ہے، اس کی کوئی اصل نہیں۔اسی طرح ایک اور واقعہ بھی اکثر بیان کیا جاتا ہے وہ یہ کہ ایک بوڑھی عورت گٹھڑی یعنی کچھ سامان اٹھائے جا رہی تھی تو حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے جب اسے دیکھا تو اس کی مدد کی غرض سے اس سے گٹھڑی لے کر اس کے ساتھ روانہ ہوئے۔ جب منزل پر پہنچے تو بڑھیا نے حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کو ایک نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ مکہ میں محمد نامی ایک شخص ہے جو لوگوں کو اپنے آباء واجداد کے دین سے ہٹاتے ہوئے ایک نئے دین کی طرف دعوت دیتا ہے۔ تم اس سے بچتے رہنا! تو حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ سن کر بڑھیا سے فرمایا کہ وہ محمد تو میں ہی ہوں۔ تو وہ بڑھیا حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے اس حسنِ اخلاق سے بہت متأثر ہوئی اور اس نے ایمان قبول کر لیا۔ احادیث و سیرت مبارکہ کی کسی کتاب میں یہ دونوں واقعات نہیں ملے۔ اس لیے تحقیق یہی ہے کہ یہ موضوع و من گھڑت ہیں، انہیں بیان کرنے سے احتراز کرنا لازم ہے۔واللہ اعلم بالصوابدارالافتاءمرکز اہل السنۃ والجماعۃ سرگودھا

© Copyright 2025, All Rights Reserved