- رابطہ: 00923049822051
- ای میل دارالافتاء: markazhanfi@gmail.com
استفتاء
میری کچھ مہینوں کی نمازیں رہ گئی ہیں، جو میں نہیں پڑھ سکا، اب ان کی ادائیگی میرے ذمہ ہے یا نہیں؟ اگر ہے تو اس کی ادائیگی کا طریقہ کیا ہے؟ از راہِ کرم راہنمائی فرمائیں۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
اصل نمازوہی ہے جو وقت پر پڑھی جائے ، لیکن اگر کسی عذر کی وجہ سے وقت میں نہ پڑھ سکیں تو وقت گزرنے پر معاف نہیں ہو جاتی بلکہ ذمے میں باقی رہتی ہے، اسے بعد میں پڑھنا ضروری ہوتا ہے، بعد میں پڑھنے کو قضا کہتے ہیں۔
فوت شدہ نمازوں کو قضا کرنے کاآسان طریقہ یہ ہے کہ خوب غور و فکر کر کے پہلے محتاط اندازہ لگائیں کہ اتنے دنوں کی نمازیں رہتی ہیں اور اسے لکھ لیں۔ پنجگانہ نمازوں کے ساتھ وتر کی نماز بھی شامل کی جائے، گویا ایک دن کی کل چھ نمازیں شمار کی جائیں ، پھر ہر وقتی نمازکے ساتھ ایک گزشتہ قضا پڑھ لیں۔مثلاً وقتی فجر کے ساتھ گزشتہ ایک فجر،ظہر کے ساتھ ظہر۔یہ طریقہ سہولت کے پیشِ نظر لکھا ہے ورنہ اگر آپ ایک دن میں کئی دنوں کی نمازیں قضا کر لیں تب بھی جائز ہے۔ اور بہتر یہ ہے کہ نوافل اور غیر مؤکَّد سنتوں پر ان گزشتہ فرض نمازوں کی ادائیگی کو ترجیح دیں ، اگر تہجد،اشراق کا معمول ہے تو ان نوافل کی جگہ بھی گزشتہ قضا نمازیں پڑھیں۔
گزشتہ کئی مہینوں یا سالوں کی نمازیں قضا پڑھنے کی صورت میں دن اور تاریخ کی تعیین کے ساتھ نیت کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ یوں نیت کرنا کافی ہے کہ میرے ذمے فجر کی جتنی نمازیں ہیں، ان میں سے پہلی پڑھتا ہوں، جتنی ظہر کی ہیں ان میں سے پہلی پڑھتا ہوں۔ اب جو نماز پڑھ لیں گے تو اس سے اگلی پہلی بن چکی ہوگی، یعنی روزانہ ہر قضا نماز کے ساتھ یہ نیت کریں کہ یہ پہلی فوت شدہ نماز ہے، اس طرح اپنی بلوغت کے بعد کی فوت شدہ نمازوں کو قضا پڑھیں۔
فائدہ: دراصل قضائے عمری اسی تر تیب کے ساتھ قضا نماز یں پڑھنے کا نام ہے۔ باقی عوام میں جو قضائے عمری کا تصور ہے کہ فضیلت والی رات مثلاً شب براءت یا شب قدر میں یا رمضان المبارک کے آخری جمعہ میں قضا کی نیت سے ایک نماز پڑھ لی جائے تو سب فوت شدہ نمازوں کی طرف سے کفَّارہ بن جائے گی ، یہ غلط تصور ہے۔اس طرح کرنے سے فوت شدہ نمازیں ذمہ سے ساقط نہ ہوں گی۔ قضا شدہ نماز پڑھے بغیر توبہ استغفار کافی نہیں، توبہ بروقت نہ پڑھنے پر ہو گی اور قضا اپنی جگہ ضروری ہے۔واللہ اعلم بالصوابدارالافتاءمرکز اہل السنۃ والجماعۃ سرگودھا
© Copyright 2025, All Rights Reserved