- رابطہ: 00923049822051
- ای میل دارالافتاء: markazhanfi@gmail.com
استفتاء
میرا سوال یہ ہے کہ میرے خاوند تقریباً دس سال سے ایک غیر ملکی غیر مسلم کے cook (باورچی)ہیں ، اور میرے سسرال کا ماحول کوئی دینی نہیں ہے ، ان کا کسی ایک مسلک سے تعلق بھی نہیں ہے، یہ ختم بھی دلواتے ہیں اور تبلیغ کے ساتھ بھی وقت گزارتے ہیں۔ اور میرے خاوند بھی پہلے تبلیغ کے ساتھ بھی وقت گزار چکے ہیں، دس سال سے وہ غیر مسلم کے ملازم ہیں تو شادی سے پہلے زیادہ وقت غیر مسلم کے ساتھ اور دوستوں کے ساتھ گزارتے تھے جب کہ ان کے دوست غیر مقلد یعنی اہل حدیث بھی ہیں اور سنی اور شیعہ بھی۔ وہ چوبیس گھنٹوں میں سے صرف ایک گھنٹہ گھر آتے تھے، لیکن اب شادی کے بعد وہ صرف کام پر جاتے اور سیدھا گھر آتے ہیں۔ ان کا مزاج اور اخلاق بھی بہت اچھا ہے، جیسا کہ ایک اچھے اور کامیاب ازدواجی تعلق میں ہونا چاہیے۔ شادی سے پہلے وہ نماز بھی کبھی کبھار پڑھتے تھے ، اب ما شاء اللہ نماز بھی پڑھتے ہیں مگر ہاتھ اہل حدیث کی طرح باندھتے ہیں، اور ان کے پیر جو ہیں وہ شیعہ ہیں، لیکن وہ میرے خاوندکو ازدواجی تعلق کے بارے میں قرآن و سنت کے حوالے سے بہت اچھی باتیں بتاتے ہیں۔ مگر میرا دل کہتا کہوہ اپنے مسلک کی بھی تبلیغ کرتے ہوں گے۔
میرے شوہربیانات بھی سبھی کے سنتے ہیں، مولانا صاحب آپ کے بھی ، دیوبند علماء کرام کے بھی، بریلوی علماء کرام کے بھی اور شیعہ کے بھی ، اور شیعہ میں نصرت بخاری شاید اس کا نام ہے اس کے بھی۔ اور اگر میں شیعہ مسلک کے بارے میں ان کو کچھ بتاتی ہوں تو وہ اس کا دفاع کرنے کی کوشش کرتے ہیں، میں زیادہ بھی نہیں بولتی کہ میرا ناقص علم مجھے ہی دین سے دور کرنے کا سبب نہ بن جائے ۔ کبھی کبھار مجھے لگتا ہے کہ وہ شیعہ ہیں، لیکن جب میں ان کو کہتی ہوں تو تبلیغ کا بیان شروع کر دیتےہیں۔
سنا ہے شیعہ سنی کا نکاح نہیں ہوتا تو مجھے کبھی ایسا لگتا ہے کہ ہمارا نکاح ہی صحیح نہیں ہوا۔ مجھے بتائیں مجھے کیا کرنا چاہیے؟ ان کی اصلاح کیسے ممکن ہے؟ میری شادی کونو ماہ ہوئے ہیں اور ایک بیٹا بھی چودہ دن کا ہو گیا ہے۔ اب مجھے ان سے محبت ہوگئی ہے، میں چاہتی ہوں کہ ان کی اصلاح ہو جائے۔ برائے مہربانی میرے مسئلے کا جواب دے کر میری مشکل کا حل بتائیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کا حامی و ناصر ہو، آمین ثم آمین۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
اگر آپ کو یقین ہے کہ آپ کا شوہر حقیقت میں شیعہ مذہب سے تعلق رکھتا ہے تو پھر آپ دونوں کا نکاح نہیں ہوا، علیحدگی ضروری ہے۔ اور اگر آپ سمجھتی ہیں کہ وہ شیعہ نہیں ہے، صرف شیعت سے متأثر ہے تو نکاح درست ہے، اب ان کو آہستہ آہستہ شیعت سے دور کرنے اور راہِ راست پہ لانے کے لیے آپ درج ذیل چیزوں کی پابندی کریں، اللہ تعالیٰ اپنے فضل و کرم سے ہدایت عطا فرمائیں گے۔(1) روزانہ دن یا رات میں دو رکعت صلوٰۃ الحاجت پڑھ کر ان کی ہدایت کے لیے عاجزی و انکساری کے ساتھ گڑگڑا کر دعا کیا کریں۔(2) اپنے مسلک اہل السنۃ والجماعۃ احناف دیوبند کے جیّد علماء کرام کے بیانات سنائیں، خصوصاً میرے بیانات سنائیں۔(3) پہلے سے بڑھ کر ان کی خدمت اور اطاعت کریں، محبت ، سلیقہ مندی اور خیر کے جذبہ سے موقع بہ موقع ان کو سمجھاتی رہیں، اور شیعہ مذہب کے عقائد ان پہ واضح کرتی رہیں۔(4) رفتہ رفتہ پیار محبت میں ترغیب دے کر ان کو مجھ سے بیعت کرائیں۔واللہ اعلم بالصوابدارالافتاءمرکز اہل السنۃ والجماعۃ سرگودھا
© Copyright 2025, All Rights Reserved