- رابطہ: 00923049822051
- ای میل دارالافتاء: markazhanfi@gmail.com
استفتاء
طلاق دینے کے الفاظ مجھے یاد نہیں، اگر طلاق کے الفاظ مجھ سے ادا ہوئے تو اس سب کی مجھے کچھ خبر نہیں، کیوں کہ یہ سب ان ادویات کے اثر سے ہوا، گویا نیم بے ہوشی کی کیفیت تھی، اس وقت مجھے تھوڑی بہت پہچان تھی، مگر یہ پتہ نہیں تھا کہ کیا بول رہا ہوں،رات کے وقت یہ وقوعہ ہوا، صبح جب بیوی نے اس کا تذکرہ کیا تو مجھے کچھ یاد نہیں تھا۔ البتہ میری بیوی نے جب تین بار تصدیق چاہی کہ کیا تم نے طلاق دے دی؟ میں نے کہا ہاں دے دی، یہ پوری گفتگو مجھے یاد ہے۔ آپ سے درخواست ہے کہ شفقت فرما کر اس مسئلہ کا شرعی حل بتائیں۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
فتاویٰ عالمگیری میں ہے:
“وَلَوْ قَالَتْ أَنَا طَالِقٌ فَقَالَ نَعَمْ طَلُقَتْ، وَلَوْ قَالَهٗ فِيْ جَوَابِ “طَلِّقْنِي” لَا تَطْلُقُ وَإِنْ نَوٰى۔ قِيْلَ لِرَجُلٍ أَلَسْتَ طَلَّقْتَ إِمْرَأَتَكَ؟ فَقَالَ بَلٰى، تَطْلُقُ كَاَنَّهٗ قَالَ طَلَّقْتُ لِأَنَّهٗ جَوَابُ الِاسْتِفْهَامِ بِالْإِثْبَاتِ وَلَوْ قَالَ نَعَمْ لَا تَطْلُقُ لِأَنَّهٗ جَوَابُ الِاسْتِفْهَامِ بِالنَّفْيِ كَاَنَّهٗ قَالَ مَا طَلَّقْتُ”(باب فی ایقاع الطلاق، الفصل الاول فی الطلاق الصریح ج1 ص 391)ترجمہ:
اور اگر بیوی نے (شوہر سے)کہا “میں طلاق والی ہوں؟” تو شوہر نے(جواب میں) کہا۔، “ہاں” تو اس سے بیوی کو طلاق واقع ہو جائے گی۔ اور اگر بیوی کہے مجھے طلاق دے دو، اس کے جواب میں شوہر “ہاں” کہے تو طلاق واقع نہیں ہو گی اگرچہ شوہر (لفظ “ہاں” کہتے وقت)طلاق کی نیت بھی کرے۔ ایک آدمی سے کہا گیا، کیا تو نے اپنی بیوی کو طلاق نہیں دی؟ اس نے کہا ، “کیوں نہیں”تو اس سے طلاق ہو جائے گی ، گویا شوہر نے یوں کہا کہ میں نے طلاق دے دی۔ کیوں کہ لفظ “بَلیٰ” کے ذریعےسوال کا اثبات کے ساتھ جواب دیا جاتا ہے۔ اور اگر شوہر نے اس سوال (کیا تو نے اپنی بیوی کو طلاق نہیں دی؟) کے جواب میں “ہاں” کہا تو طلاق نہیں ہو گی۔ کیوں کہ لفظ“نَعَمْ”سوال کا نفی کے ساتھ جواب دینے کے لیے استعمال ہوتا ہے، گویا شوہر نے یوں کہا، میں طلاق نہیں دی۔درج بالا عبارت کی روشنی میں سائل اور اس کی اہلیہ کے بیان پر بہت غور و فکر کیا گیا، اس سے یہ معلوم ہوا کہ سائل شاہد اقبال کے بیان کی یہ عبارت ” البتہ میری بیوی نے جب تین بار تصدیق چاہی کہ کیا تم نے طلاق دے دی؟ میں نے کہا ہاں دے دی، یہ پوری گفتگو مجھے یاد ہے۔” طلاق کے واقع ہونے پر دلیل ہے۔لہٰذا اب سائل شاہد اقبال کی بیوی کو تین طلاقیں واقع ہو چکی ہیں، وہ اپنے شوہر پر حرام ہو چکی ہے، ان دونوں کا ایک ساتھ رہنا حرام اور ناجائز ہے۔ اب شرعی حلالہ کے بغیر دوبارہ نکاح کرنا بھی جائز نہیں ہو گا۔ شرعی حلالہ سے مراد یہ ہے کہ عورت عدت کے بعد اپنی مرضی سے دوسری شادی کرے اور اس کے بعد یہ دونوں میاں بیوی آپس میں وظیفہ زوجیت بھی ادا کریں، بعد میں شوہر یا تو فوت ہو جائے یا اپنی مرضی سے اسے طلاق دےدے اور یہ عدت گزارنے کے بعد واپس پہلے شوہر کے پاس جانا چاہے تو اب باہمی رضامندی سے دوبارہ نکاح جائز ہو گا۔واللہ اعلم بالصَّوابدارالافتاءمرکز اہل السنۃ والجماعۃ سرگودھا
© Copyright 2025, All Rights Reserved