• مركز أهل السنة والجماعة
  • دارُالإفتاء أوقات: ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافھہ و واتس‌اپ 08:00 تا عصر

دو جنتوں سے کیا مراد ہے؟

استفتاء

“ومن دونہما جنتان” میں ان کے علاوہ دو جنتیں ہیں، اس سے کیا مراد ہے؟ جنت ایک ہے یا دو ہیں ؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

ہمارے ہاں جنت کا تصور عموماً  یہ پایا جاتا ہے کہ جنت ایک مقام ، ٹھکانہ اور جگہ  کا نام ہےجو دوزخ کے مقابلے میں ہے اور وہ   ایک ہی ہے ، جیسے دوزخ ایک ہی ہے۔  پھر قرآنِ کریم میں یہ کیسے فرما دیا گیا کہ اس  جنت کے علاوہ بھی دو جنتیں اور ہیں۔   اسی طرح سورۃ الرحمٰن میں “ومن دونہما جنتان”   سے پہلے یہ آیتِ کریمہ ” ولمن خاف مقام ربہ جنتان”موجود ہے،  اس آیت مبارکہ میں بھی دو جنتوں کا تذکرہ ہے،تو ان دونوں آیات میں دو دو جنتوں سے کیا مراد ہے؟  اور وہ کن افراد  کو عطا کی جائیں گی؟ اس کی تفصیل حسبِ ذیل ہے: جنت باغ کو کہتے ہیں اور جنتان کا معنی ہے دو باغ۔ مطلب یہ کہ کچھ ایسے خوش نصیب افراد  بھی ہوں گے جن کو مقامِ جنت  میں مزید دو دو باغ عطا کیے جائیں گے۔   وہ خوش بخت افراد کون ہوں گے؟اس حوالے سے مفتی اعظم مفتی محمد شفیع عثمانی رحمہ اللہ نے راجح قول یہ تحریر فرمایا  ہے: ” پہلے دو باغ جن حضرات کے لیے مخصوص ہیں ان کو تو متعین کر کے بتلا دیا ہے،(” ولمن خاف مقام ربہ جنتان”)

یعنی دو باغوں کے مستحق وہ لوگ ہیں جو ہر وقت ہر حال میں اللہ تعالیٰ کے سامنے قیامت کے روز کی پیشی اور حساب و کتاب سے ڈرتے رہتے ہیں ، جس کے نتیجہ میں وہ کسی گناہ کے پاس نہیں جاتے، ظاہر ہے کہ ایسے لوگ سابقین اور مقرّبین ہی ہو سکتے ہیں۔دوسرے دو باغوں کے مستحق کون ہوں گے؟ اس کی تصریح آیاتِ مذکورہ میں نہیں کی گئی، مگر یہ بتلا دیا گیا ہے کہ یہ دونوں باغ پہلے دو باغوں کی نسبت کم درجہ کے ہوں گے، (“ومن دونہما جنتان”) یعنی پہلے دو باغوں سے کم تر اور دو باغ ہیں، اس سے بقرینۂ ِ مقام معلوم ہو گیا کہ ان دو باغوں کے مستحق عام مؤمنین ہوں گےجو مقربین خاص سے درجہ میں کم ہیں۔ پہلے اور دوسرے دو باغوں کی تفسیر میں حضراتِ مفسرین نے اور بھی توجیہات بیان فرمائی ہیں، یہاں جو تفسیر اختیار کی گئی ہےکہ پہلے دو باغ سابقین اوّلین اور مقرّبین خاص کے لیے ہیں، اور دوسرے دو باغ عامۂ ِ مؤمنین کے لیے، اور یہ کہ یہ دوسرے دو باغ پہلے دو باغوں سے درجہ میں کم ہیں، روایاتِ حدیث سے یہی تفسر راجح معلوم ہوتی ہے۔ (معارف القرآن: ج8 ص 260)واللہ اعلم بالصوابدارالافتاء مرکز اہل السنۃ والجماعۃ سرگودھا

© Copyright 2025, All Rights Reserved