- رابطہ: 00923049822051
- ای میل دارالافتاء: markazhanfi@gmail.com
استفتاء
سنا ہے کہ نجاست کی بھی کئی قسمیں ہیں اور ہر ایک کا حکم بھی مختلف ہے، براہِ کرم اس کی تفصیل بتا دیجیے تاکہ ان نجاستوں سے بچنا اور ان کے احکام پر عمل کرنا آسان ہو جائے ۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
جی ہاں! نجاست کی کئی قسمیں ہیں اور ہر ایک کا حکم جدا ہے۔ ذیل میں نجاست کی اقسام ، احکام اور ان سے متعلق ضروری فوائد کو درج کیا جاتا ہے:
نجاست کی اقسام ا ور احکام”نجاست“ ناپاکی اور گندگی کو کہتے ہیں۔اس کی دو قسمیں ہیں:
1: نجاست حقیقیہ 2: نجاست حُکْمِیَہ 1: نجاست حقیقیہوہ نجاست جو نظر آنے والی ہو۔ جیسے شراب اور پاخانہ ۔ 2: نجاست حکمیہوہ نجاست جونہ نظر آنے والی ہو۔ جیسے بے وضو ہونے کی حالت۔ نجاست حقیقیہ کی قسمیں:اس کی دو قسمیں ہیں:1: نجاست غلیظہ 2: نجاست خفیفہ1: نجاست غلیظہیہ وہ نجاست ہے جس کی ناپاکی زیادہ سخت ہو اور اس کی بہت تھوڑی مقدار معاف ہو۔مثلاًشراب، انسان کا پیشاب، پاخانہ، خون، منی نجس ہیں، مرغی ، مرغابی اوربطخ کی بیٹ بھی نجس ہے اور حرام جانوروں کا پیشاب بھی نجس ہے۔حکم: نجاست غلیظہ بدن یا کپڑوں پر لگ جائے تو دیکھا جائے اگر ایک درہم )تقریباً ایک انچ قطر (کے برابر یا اس سے کم ہے تو معاف ہے۔ اگر ایک درہم سے زیادہ ہے تو معاف نہیں۔2: نجاست خفیفہیہ وہ نجاست ہے جس کی ناپاکی قدرے کم ہو اور اس کی زیادہ مقدار معاف ہو۔ مثلاًتمام حرام پرندوں کی بیٹ اورتمام حلال جانوروں کا پیشاب نجاست خفیفہ ہے۔حکم: نجاست خفیفہ کپڑے یا بدن کے چوتھائی حصے کے برابر یا اس سے زیادہ لگی ہو تو معاف نہیں، اگر چوتھائی حصے سے کم ہو تو معاف ہے۔نوٹ: نجاست کے معاف ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ اسے دھویا نہ جائے، صاف نہ کیا جائے۔ معاف ہونے کا مطلب یہ ہے کہ اگر اتنی کم مقدار میں نجاست لگی ہو، کسی کو دھونا یاد نہ رہے اور وہ اسی حالت میں نماز پڑھ لے تو اس کی نماز ہو جائے گی۔فائدہ نمبر1:نجاست حقیقیہ کو زائل کرنے کی دو شرطیں ہیں:
1: بدن یا لباس پرجہاں نجاست لگی ہو، اس جگہ سے نجاست اتار لیں۔2: جہاں سے نجاست اتاری ہے اس جگہ کو اچھی طرح دھولیں۔فائدہ نمبر2:1: نجاست کو اتار کر تین بار دھونا۔2: ہر بار نچوڑنا۔جو چیزیں نچوڑنے سے نہ نچڑیں جیسے قالین اور مٹی کے برتن تو ان کو پاک کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ ان کو اچھی طرح تین بار دھوئیں اورجو چیزیں نجاست کو نہیں چوستیں ان کو مٹی یا صابن سے رگڑ کر صاف کیا جا سکتا ہے۔مثلاً جوتا، چمڑا ۔نجاست حکمیہ کی اقسام اور احکاماس کی دو قسمیں ہیں:1: حدث اصغر 2: حدث اکبر(1) حدث اصغرچھوٹی نجاست کو کہتے ہیں اوریہ بے وضو ہونے کی حالت کو کہتے ہیں ۔ حدث اصغر کو دور کرنے کے دو طریقے ہیں:
1: وضو کرنا 2: اگر پانی استعمال کرنے پر قادر نہ ہو تو تیمم کرنا(2) حدث اکبربڑی نجاست کو کہتے ہیں اوریہ تین طریقوں سے ہوتی ہے۔1: جنابتیعنی شہوت کے ساتھ منی اپنی جگہ سے خارج ہو کر جسم سے باہر نکل آئے۔2: حیضیعنی بالغہ عورت کو ہر ماہ آنے والا خون جو کم از کم تین دن اور زیادہ سے زیادہ دس دن ہوتا ہے۔3: نِفَاسزَچگی ( بچے کی ولادت) کے بعد آنے والا خون جس کی کم از کم مقدار مقرر نہیں ، زیادہ سے زیادہ چالیس دن ہو سکتا ہے۔• حدث اکبر سے پاک ہونے کے دوطریقے ہیں:1: غسل کرنا ۔2: اگر پانی استعمال کرنے پر قادر نہ ہو تو تیمم کرنا ۔واللہ اعلم بالصوابدارالافتاءمرکز اہل السنۃ والجماعۃ سرگودھا
© Copyright 2025, All Rights Reserved