• مركز أهل السنة والجماعة
  • دارُالإفتاء أوقات: ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافھہ و واتس‌اپ 08:00 تا عصر

شوہر نظر انداز کرتا ہے ، کیا کروں؟

استفتاء

میرا مسئلہ یہ ہے ہم دونوں میاں بیوی میں لڑائی جھگڑے ہوتے ہیں، ہماری لڑائی اپنی کسی بات پر نہیں ہوتی ، بلکہ گھر والوں کی باتوں کی وجہ سے لڑائی ہوتی ہے۔میری شادی کو تین سال ہو چکے ہیں ہماری اولاد بھی نہیں ہے ، وہ مجھ سے ہمیشہ فاصلہ رکھتے ہیں ہمیں ضرورت ہے زندگی کا خیال نہیں رکھتے ، میری کسی بھی تکلیف سے کسی بھی مشکل سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا ۔ماشاءاللہ ان کا بہت اچھا کاروبار ہے، مالی طور پر مضبوط ہیں لیکن قلبی تعلق میں خلا ہے۔ میں ان کا ہر کام وقت پر کرتی ہوں، ان کی ہر ضرورت کا خیال رکھتی ہوں، پھر بھی وہ نظر انداز کرتے ہیں۔ یہ چیز میرے لیے کافی تکلیف دِہ ہے۔ میری رہنمائی کیجیے کہ میں کیا کروں؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

چند چیزوں کی پابندی کریں ، ان شاء اللہ معاملات بہتر ہو جائیں گے۔1: صبر و حکمت سے کام لیں کیوں کہ صبر کے بغیر محبت اور سکون قائم نہیں رہ سکتا۔ صبر دلوں کو جوڑتا ہے اور لڑائی جھگڑوں کا خاتمہ کرتا ہے۔2: آپ کی گفتگو ہمیشہ نرم اور میٹھی ہونی چاہیے کیوں کہ نرم لہجہ، ہمدرد جملے اور محبت بھرا انداز سخت دل کو موم کر دیتا ہے۔3: میاں بیوی اپنے مسائل خود حل کرنے کی کوشش کیا کریں۔ مناسب موقع پر شوہر کو اعتماد میں لے کر سلیقہ مندی کے ساتھ یہ بات واضح کریں کہ ہمارے درمیان موجود غلط فہمیوں کو ہم خود دور کیا کریں۔4: اولاد اللہ کا عطیہ ہے۔ تاخیر میں بھی اللہ تعالیٰ کی حکمت ہے۔ صبر کے ساتھ دعااور میڈیکل مشورہ اختیار کریں لیکن ایک دوسرے کو طعنے دینے سے پرہیز کریں۔5: شوہر کی بے رخی کے جواب میں ضد کرنے کے بجائے مزید نرمی اور حسنِ سلوک اختیار کریں ، اس کا بہت مثبت اثر پڑے گا۔ کیوں کہ خوش اخلاقی اور چھوٹی چھوٹی خوشیاں شریک کرنا رشتے کو زندہ کرتا ہے۔6: شوہر کے درست عادات و اطوار کی کھلے دل سے تعریف کیا کریں اور اللہ کریم کی نعمتوں پر شکر کرنے کی عادت بنائیں ۔ زبان کو نرم اور رویہ کو خیرخواہانہ رکھیں۔ یہ عادتیں بڑے اثرات پیدا کرتی ہیں۔7: ان دعاؤں کو پابندی سے پڑھتے رہا کریں۔رَبَّنَا هَبْ لَنَا مِنْ أَزْوَاجِنَا وَذُرِّيَّاتِنَا قُرَّةَ أَعْيُنٍ وَاجْعَلْنَا لِلْمُتَّقِينَ إِمَامًا(سورۃ الفرقان: 74)ترجمہ: اے ہمارے رب! ہمیں اپنی بیوں اور بچوں سے آنکھوں کی ٹھنڈک عطا فرما اور ہمیں پرہیزگاروں کا امام بنا دے۔اللّٰهُمَّ أَلِّفْ بَيْنَ قُلُوبِنَا وَأَصْلِحْ ذَاتَ بَيْنِنَاترجمہ: اے اللہ! ہمارے دلوں کو جوڑ دے اور ہمارے تعلقات کو درست فرما۔واللہ اعلم بالصوابدارالافتاءمرکز اہل السنۃ والجماعۃ سرگودھا

© Copyright 2025, All Rights Reserved