- رابطہ: 00923049822051
- ای میل دارالافتاء: markazhanfi@gmail.com
استفتاء
میں دو رکعات نفل پڑھ کر گناہوں کی بخشش کی دعا کیا کرتا ہوں لیکن دعا میں کچھ نہیں کَہ سکتا اور جلدی جلدی پڑھتا ہوں۔ میں ارادہ کرتا ہوں کہ جو پچھلے کئے ہوئے گناہ ہیںان سے مکمل توبہ کروں لیکن مانگ نہیں سکتا۔ کوئی چیز مجھے بے چین کرتی ہے۔ میں گناہوں پر دل سے توبہ کرنا چاہتا ہوں لیکن پتا نہیں کیسے مانگوں؟ جن گناہوں سے میں توبہ کرنا چاہتا ہوں وہ دماغ میں تو آتے ہیں لیکن زبان پر نہیں آتے۔ اس صورتحال میں کیا کروں؟ پھر سوچتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ مجھے کیسے معاف کرے گا کیونکہ مجھے تو مانگنا بھی نہیں آتا!! میں کیا کروں؟ ایسا کیا کروں کہ دل کھول کے اللہ تعالیٰ سے سچی توبہ مانگ لوں اور اللہ تعالیٰ میرے وہ گناہ معاف کرے جو مجھ سے سرزد ہوئے ہیں۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
(1): اس بات پر غور کیجئے کہ اللہ تعالیٰ کے سامنے اگر انسان زبان سے اپنی حالت زار بیان کرے تو بھی اللہ تعالیٰ جانتے ہیں اور اگر زبان سے نہ کہہ سکے لیکن دل میں اللہ تعالیٰ کو اپنا دُکھڑا سنانے کی کیفیت ہو اللہ تعالیٰ تب بھی جانتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ انسانوں کے دلوں کے حالات جانتے ہیں۔ وہ حالات جاننے میں الفاظ کے محتاج نہیں ہیں۔ اس لئے اگر آپ زبان سے اپنی حالت بیان نہیں کر سکتے تو دل کی حالت ہی کو اللہ کے سامنے رکھ دیں۔ اللہ تعالیٰ اسی پر مغفرت کے فیصلے فرما دیں گے ۔
(2): جب اپنے گناہوں کی معافی مانگیں تو تصور کریں کہ اللہ تعالیٰ نے میرے گناہ معاف کر دیے ہیں۔ یہ کیفیت پیدا کرنے کے لئے اللہ تعالیٰ کی نعمتوں پر غور کریں کہ اللہ تعالیٰ نے مجھ جیسے کمزور اور گنہگار آدمی کو نعمتوں سے نوازا ہے۔ ایمان جیسی عظیم دولت، جسمانی صحت، گھر بار، عزت، رزق روزی وغیرہ جیسی عظیم نعمتیں عطا فرمائی ہیں تو ضرور بالضرور جب اس کے سامنے میں عاجزی اور انکساری پیش کر رہا ہوں اور اپنے گناہوں کی معافی مانگ رہا ہوں تو وہ یقیناً مجھے معاف فرمائیں گے۔ اس خیال کو بار بار دل میں لائیے تو ان شاء اللہ اطمینانی کیفیت ضرور پیدا ہو جائے گی کہ اللہ تعالیٰ نے اپنی رحمت سے میرے گناہوں کی مغفرت فرما دی ہے۔
(3): کوشش کریں کہ کچھ لمحات نکال کر کسی خانقاہ میں وقت لگائیں۔ خانقاہی ماحول میں اللہ والوں کی صحبت ان شاء اللہ آپ کی دلی کیفیت بدل دے گی۔ خصوصاً رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں خانقاہی ماحول میں اعتکاف کی ترتیب بنائیں تو بہت عمدہ ہو گا۔
نوٹ: خانقاہ حنفیہ مرکز اھل السنۃ والجماعۃ سرگودھا میں بھی رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں اعتکاف کی ترتیب عمل میں لائی گئی ہے۔ اگر آپ کا ارادہ ہو تو اس نمبر (03318787855) پر رابطہ کر کے اپنا نام پتہ لکھوا دیں اور آخری عشرہ میں اعتکاف کریں۔ ان شاء اللہ اس کے اچھے نتائج محسوس ہوں گے۔
© Copyright 2025, All Rights Reserved