• مركز أهل السنة والجماعة
  • دارُالإفتاء أوقات: ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافھہ و واتس‌اپ 08:00 تا عصر

سلام اور دیگر القابات مکمل لکھنےکے بجائے مختصر علامتی حروف لکھنے کا حکم

استفتاء

آج کل اکثر لوگ واٹس ایپ پر پورا سلام لکھنے کے بجائے مختصر علامتی حروف خصوصاً انگلش میں لکھ دیتے ہیں، جیسے (A.O, As)  ایسے شارٹ کرکے لکھتے ہیں یا السلام علیکم تو پورا لکھ دیتے ہیں لیکن ورحمتہ اللہ و برکاتہ کو ایسے 👈🏻(ww.b)  لکھتے ہیں

اور صلی اللہ علیہ وسلم کو ایسے لکھتے ہیں (S.A.W)  اور رضی اللہ عنہ کو (R.A) ایسے لکھتے ہیں؛ جب لفظ” اللہ “  کے ساتھ سبحانہ و تعالیٰ  لکھنا ہو تو ایسے لکھتے ہیں (S.W.T )

معلوم یہ کرنا ہے  کہ کیا اس طرح شارٹ کرکے لکھنا شرعاً جائز ہے؟ کیا یہ ادب کے خلاف نہیں ہے؟ جب کہ اگر اس کو پورا کرکے لکھ دیں گے تو اس میں زیادہ وقت بھی نہیں لگے گا۔ برائے  مہربانی رہنمائی فرما دیجیے۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

سلام  کے الفاظ میں تین درجات ہیں:

اعلیٰ درجہ یہ ہے کہ  “السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ” کہا جائے، اس میں اجر زیادہ ہے۔ اوسط درجہ    یہ ہے کہ “السلام علیکم ورحمۃ اللہ” کہا جائے ، اس میں اجر ذرا کم ہے۔  ادنیٰ درجہ  یہ ہے کہ صرف “السلام علیکم ” کہنے پر اکتفاء کیا جائے ، اس میں اجر سب سے کم ہے۔

سلام کرتے وقت  پورے الفاظ کے بجائے محض علامتی حروف کا استعمال کرنا درست نہیں ہے، ایسا کرنے سے سلام کرنے کی سنت بھی ادا نہیں  ہو گی اور اس پر اجر بھی نہیں ملے گا۔ مزید یہ کہ جس شخص کو  یہ علامتی الفاظ بھیجے گئے ہوں اس پر سلام کا جواب بھی واجب نہیں ہو گا۔

جو کچھ آپ نے سوال میں کہا، درست ہے۔  یہی ہماری اسلامی تعلیمات، دینی  اقدار ، خاندانی روایات  اور معاشرتی آداب  کا تقاضا  بھی ہے کہ سلام کی طرح دیگر الفاظ مثلاً  رسولِ پاک صلی اللہ علیہ وسلم  کے اسم گرامی کے ساتھ ”صلی اللہ علیہ وسلم “، کسی نبی یا رسول کے نام مبارک کے ساتھ ”علیہ الصلوٰۃ والسلام“ یا ”علیہ السلام“، کسی صحابی کے نام کے ساتھ ”رضی اللہ عنہ“، کسی ولی کے نام کے ساتھ”رحمۃ اللہ علیہ“  مکمل لکھا اور پڑھا جائے، محض  علامتی حروف استعمال کرنے سے گریز کیا جائے۔

پورا لفظ لکھنے اور بولنے میں  وقت بھی زیادہ نہیں لگتا اور اجر و ثواب کے ساتھ ساتھ اس شخصیت سے محبت و عقیدت میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

© Copyright 2025, All Rights Reserved