• مركز أهل السنة والجماعة
  • دارُالإفتاء أوقات: ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافھہ و واتس‌اپ 08:00 تا عصر

مقدس اوراق کو بے حرمتی سے بچایا جائے

استفتاء

حضرت! میرا سوال یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کے صفاتی نام ہوں یا کوئی اور اسلامی نام  ہوں تو اکثر دیکھا گیا ہے کہ گھی کے لفافوں اور کپڑوں کے بنڈلز پہ لکھے ہوتے ہیں جیسے کریم گھی، قاسم کلاتھ ، رحمٰن کلاتھ وغیرہ۔ گھی ختم ہونے کے بعد ان لفافوں کو  زمین پہ پھینک دیا جاتا ہے۔ کبھی  اسلامی نام والے یہ ا سٹیکر پھینک کرروڈ پر یا ندی نالوں میں بہا دیے جاتے ہیں۔ اسی طرح یہ نام کبھی ایسے کارٹن پہ لکھے ہوتے ہیں جن میں  کپڑوں کو باندھا جاتا ہے اور ان بنڈلز کو مضبوط باندھنے کے لیے مزدور لوگ اکثر ان کے اوپر پاؤں بھی رکھ دیتے ہیں۔

میرا سوال یہ ہے کہ ان لفافوں یا اسٹیکرز کو اس طرح پھینک دینا جائز ہے یا ناجائز؟  اور اگر یہی نام انگریزی میں لکھا ہوا ہو تو اس وقت اس کا کیا حکم ہے؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

(1):    مقدس ناموں پر مشتمل اوراق، لفافے یا کارٹن کو اس طرح پھینک دینا جس سے ان ناموں کی بے حرمتی ہو جائز نہیں۔ اس بارے میں کوشش کی جائے کہ اگر کسی کاغذ وغیرہ پر مقدس نام لکھے ہوں تو اسے اٹھا کر اونچی جگہ پر رکھ دیا جائے۔ اس مقصد کے لیے مقدس اوراق کو محفوظ کرنے والے ٹرسٹزسے بھی مدد لی جا سکتی ہے جو ان مقدس اوراق کو عزت و تکریم کے ساتھ دفن کر دیتے ہیں ۔

(2):    یہ نام انگریزی زبان یا کسی بھی زبان میں لکھے ہوں سب کا یہی حکم ہے کہ ان کا ادب کیا جائے اور بے ادبی سے بچایا جائے۔

© Copyright 2025, All Rights Reserved