• مركز أهل السنة والجماعة
  • دارُالإفتاء أوقات: ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافھہ و واتس‌اپ 08:00 تا عصر

مجبوری کی وجہ سے اعتکاف چھوڑنے کا حکم

استفتاء

میں ایک سرکار ملازم ہوں۔ ان دنوں اعتکاف میں ہوں۔ ادارے کی جانب سے کال آئی ہے کہ ادارہ میں حاضری ضرور دیں۔ میرا جانا اب ضروری ہو گیا ہے۔ اگر میں نہیں جاتا تو ملازمت ختم ہو جائے گی۔ اس صورتحال میں میرے لیے کیا حکم ہے؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

آپ کا عذر معقول اور شرعاً قابلِ قبول ہے۔ اس لیے آپ  اعتکاف چھوڑ دیں اور اپنے متعلقہ ادارے میں  حاضری دیں۔ اس عمل سے آپ کا اعتکاف ٹوٹ جائے گا جس کے لیے ایک دن رات کی قضا کرنا آپ پر لازم ہو گا۔   ایک دن رات کی قضاء اسی رمضان میں ممکن ہو تو بہت اچھا ورنہ  رمضان کے بعد کر لیں۔ قضاء کا طریقہ یہ ہے کہ کسی دن غروبِ آفتاب سے پہلے پہلے اعتکاف کی نیت  کے ساتھ مسجد میں چلے جائیں۔ اس دن کی مغرب سے اگلے دن مغرب تک اعتکاف کی پابندی کریں۔ اگلے دن کا روزہ بھی رکھیں۔ اگلے دن مغرب تک قضاء مکمل ہو جائے گی۔

نوٹ:  اعتکاف کی قضاء  میں بھی چونکہ روزہ رکھنا ضروری ہوتا ہے اس لیے ان دنوں میں اعتکاف نہ کریں جن میں روزہ رکھنا جائز نہیں ہوتا۔ وہ دن پانچ ہیں: عید الفطر، عید الاضحیٰ اور عید الاضحیٰ کے بعد تین دن۔ ان کے علاوہ کسی دن بھی کر سکتے ہیں۔

© Copyright 2025, All Rights Reserved