• مركز أهل السنة والجماعة
  • دارُالإفتاء أوقات: ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافھہ و واتس‌اپ 08:00 تا عصر

حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی جائے وفات

استفتاء

اکثرایک حدیث مبارک سننے میں آتی ہے کہ اللہ کے پیغمبر کی جس جگہ وفات ہو،اسی جگہ تدفین ہوتی ہے۔ اب پوچھنا یہ ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام  کی تدفین تو روضہ اطہر میں ہوگی تو  کیا ان کی وفات بھی روضہ اقدس میں ہوگی؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی وفات کس جگہ ہو گی؟خاص جگہ کے بارے میں کوئی صریح روایت نہیں ملی البتہ ان کے حالات وواقعات سے اندازہ ہوتا ہے کہ آپ علیہ السلام کا انتقال مدینہ منورہ میں ہوگا ۔

اب اس حوالہ سے دو باتیں   سمجھ لیں ۔

[1]:    حدیث مبارک کے مطابق اللہ تعالیٰ کے  نبی کو جو جگہ محبوب ہو تو نبی  کی وفات بھی اسی جگہ ہوتی ہے اور  تدفین ان کی پسندیدہ جگہ پر  ہوتی ہے۔اس  حدیث میں جگہ سے مراد وہی خاص جگہ نہیں جہاں نبی کی وفات ہوتی ہے بلکہ  یہ مطلب ہو سکتا ہے کہ نبی کو جو جگہ محبوب ہو ،تو پیغمبر کی وفات اس کے قرب وجوار میں ہوتی ہے جہاں سے  نبی کے جسدِ اطہر کوان کی پسندیدہ جگہ میں دفن کرنا آسان ہوتا ہے ۔اب حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا روضہ اقدس میں دفن ہونا اس وجہ سے ہے کہ وہ ان کی محبوب جگہ ہو۔ اس  لئے اگر آپ کا  انتقال مدینہ منورہ میں ہواور تدفین روضہ اقدس میں ہو تو یہ اس حدیث مبارک کے منافی نہیں ۔

[2]:   حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا جب نزول ہوگا تو آپ کی دو حیثیتیں ہوں گی:

ایک…..         نبی ہونے کی

دوسری …..حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے امتی ہونے کی ۔

حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی وفات نبی ہونے کے باوجود حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے امتی ہونے کی حیثیت سے ہو گی، اس لئے وفات مدینہ منورہ میں ہو گی اور تدفین روضہ اقدس میں ہو گی۔ دوحیثیتیں ہونے کی وجہ سے حضرت عیسیٰ علیہ السلام اس اصول سے مستثنیٰ ہوں گے ۔

© Copyright 2025, All Rights Reserved