• مركز أهل السنة والجماعة
  • دارُالإفتاء أوقات: ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافھہ و واتس‌اپ 08:00 تا عصر

حدیث جابر بن سمرہ (متعلقہ ترک رفع یدین) پر بعض الناس کے اعتراضات کے جوابات

استفتاء

غیر مقلدین عموماً اور انجینئر مرزا محمد علی خصوصاً صحیح مسلم میں موجود حضرت جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ کی ترک رفع الیدین والی روایت پر اعتراض کرتے ہوئے کچھ باتیں کہتے ہیں جس سے عوام میں شبہ ہوتا ہے۔ ان لوگوں کی باتوں کا خلاصہ یہ پانچ چیزیں ہیں۔1. حدیث جابر بن عبداللہ کا تعلق ترک رفع الیدین کے ساتھ نہیں۔2. اس روایت میں رکوع والے رفع الیدین کا تذکرہ نہیں ہے۔3. اگر اس روایت کو ترک رفع الیدین کی دلیل مانا جائے تو پھر شروع نماز کے رفع الیدین کا ترک بھی لازم ائے گا۔4. امام دار قطنی کے استاد کے خواب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو رفع الیدین کے ساتھ نماز ادا کرتے دیکھا۔5. مفتی محمد تقی عثمانی صاحب اس روایت کو ترک رفع الیدین پر محمول کرنا درست نہیں سمجھتے۔ان کا جواب عنایت فرمائیں تاکہ عوام ان کے شبہات سے بچ سکے۔ جزاکم اللہ خیراً واحسن الجزاء

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

آسانی کی خاطر ہر شبہ کو الگ الگ ذکر کر کے جواب دیا جاتا ہے۔شبہ نمبر 1:  امام مسلم ایک ہی جزو کے تعلق سے روایت ایک کے بعد ایک بیان کرتے ہیں اور امام مسلم کا یہ معمول ہے۔جواب:اولاً…..  یہ بات اپنی جگہ درست ہے کہ امام مسلم رحمۃ للہ علیہ کا معمول یہ ہے کہ آپ جن روایات کے مضمون  کو قدرِ مششترک سمجھتے ہیں  ان کے مختلف طرق کو ایک جگہ جمع کر دیتے ہیں۔ اس مقام پر آپ کا مقصود نماز میں سکون کرنے، بے جا حرکات سے اجتناب اور صفوں کی درستی کے متعلق روایات کو جمع کرنا ہے۔اس مقصد کے لیے آپ نے دو طریق ذکر کیے ہیں:• طریقِ تمیم بن طرفہ• طریقِ عبید اللہ بن قبطیہتمیم بن طرفہ کے طریق میں ” اُسْكُنُوْا فِي الصَّلَاةِ “  (نماز میں سکون کرو!) کے الفاظ سے رکوع و سجود  کا رفع یدین منع ثابت ہوتا ہے (فقہاء ومحدثین  اور دیگر محققین کا استدلال آگے آ رہا ہے) ،  عبید اللہ بن قبطیہ کے طریق سے سلام کے وقت ہاتھوں کا اشارہ ممنوع قرار پاتا ہے اور ”أَلَا تَصُفُّونَ كَمَا تَصُفُّ الْمَلَائِكَةُ“  (تم ایسے صف کیوں نہیں بناتے جس طرح فرشتے صفیں بناتے ہیں)  سے صفوں کی درستی ثابت ہوتی ہے۔ ثانیاً…..  حدیث جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ کو کئی فقہاء و محدثین اور محققین نے ترک رفع یدین کی دلیل بنایا ہے۔ ان کے نام یہ ہیں:1: امام ابوالحسین احمد بن محمد بن احمد القدوری البغدادی الحنفی  (ت428ھ)التجرید: ج2ص5192: شمس الائمہ امام محمد بن احمد بن ابی سہل السرخسی (ت483 ھ) المبسوط للسرخسی: ج1 ص253: علامہ علاء الدین ابو بكر بن مسعود بن احمد الکاسانی الحنفی (ت587ھ)بدائع الصنائع للکاسانی: ج1 ص2074: امام ابو محمد علی بن زکریا المَنْبِجِی الحنفی (ت686ھ)اللباب فی الجمع بین السنۃ والکتاب: ج1ص2565: علامہ فخر الدین عثمان بن علی زیلعی الحنفی (ت743ھ)  تبیین الحقائق شرح کنز الدقائق: ج1 ص3116: امام جمال الدین ابو محمد عبد الله بن یوسف بن محمد الزیلعی الحنفی (ت 762ھ)نصب الرایۃ فی تخریج احادیث الہدایۃ:  ج1ص4727: حافظ بدر الدین محمود بن احمد بن موسیٰ العینی الحنفی (ت855ھ)شرح سنن ابی داؤد: ج3ص298: علامہ زین الدین بن ابراہیم بن محمد المعروف ابن نجیم الحنفی (ت970ھ)البحر الرائق شرح کنز الدقائق: ج1 ص3419: ملا علی بن سلطان محمد القاری الھروی الحنفی (ت1014ھ)فتح باب العنایۃ:  ج1ص25810: علامہ شیخ محمد ہاشم سندھی (ت1174) کشف الرین11: حضرت مولانا محمد یعقوب ناناتوی (ت1302ھ) اعلاء السنن للعثمانی: ج3ص5612: شیخ الاسلام علامہ شبیر احمد عثمانی(ت1369ھ)فتح الملہم: ج3 ص31713: شیخ الاسلام مولانا ظفر احمد عثمانی (ت1394ھ) اعلاء السنن للعثمانی: ج3ص5614: مولانا الشیخ محمد عبد اللہ بن مسلم البہلوی (ت1398ھ) ادلۃ الحنفیۃ:ص16715: شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا کاندھلوی (ت1402ھ) اوجز المسالک: ج 2ص6616: رئیس المناظرین حجۃ اللہ فی الارض مولانا محمد امین صفدر اکاڑوی (ت1421ھ) تجلیات صفدر: ج2، ص31317: مناظر اسلام حضرت مولانا حبیب اللہ ڈیروینور الصباح: ج1 ص76شبہ نمبر 2:  اس روایت میں رکوع والے رفع الیدین کا بھی کوئی تذکرہ نہیں۔جواب:اس روایت کے الفاظ  ” اُسْكُنُوْا فِي الصَّلَاةِ “  (نماز میں سکون اختیار کرو!) سے رکوع اور سجود والے رفع یدین کا ترک ثابت ہوتا ہے۔ علامہ بدر الدین محمود بن احمد العینی اور امام جمال الدین ابو محمد عبد الله بن یوسف الزیلعی نے اس حد یث کے متعلق تصریح کی ہے: انما یقال ذلک لمن یر فع یدیہ فی اثناء الصلوۃ وھو حا لۃ الرکوع او السجود ونحو ذلک.شرح سنن  ابی داؤد للعینی: ج3ص297، نصب الرا یۃ: ج1ص472ترجمہ: یہ الفاظ (کہ نماز میں سکون اختیار کرو!)اس شخص کو کہے جاتے ہیں جو دوران نماز رفع یدین کر رہا ہو اور یہ حالت رکوع یا سجود وغیرہ کی ہوتی ہے۔شبہ نمبر 3: اس سے پھر شروع نماز کے رفع الیدین کو بھی ترک کرنا لازم ہو گا۔جواب:اس سے شروع والے رفع یدین کا ترک لازم نہیں آتا کیونکہ حدیث کے الفاظ ہیں:” اُسْكُنُوْا فِي الصَّلَاةِ “  (نماز میں سکون اختیار کرو!)یہاں لفظ ”فِي الصَّلَاةِ“ ہے جس کا معنی ”نماز میں سکون“ ہے اور شروع والے رفع یدین کے متعلق ”عِنْدَ افْتِتَاحِ الصَّلَاۃِ“ (نماز کی ابتداء کے وقت) وغیرہ جیسے الفاظ مروی ہوتے ہیں۔ ابتداءِ صلوٰۃ کے وقت رفع یدین اور نماز  کے اندر رفع یدین میں واضح فرق ہے، اس لیے ” اُسْكُنُوْا فِي الصَّلَاةِ “   کے الفاظ سے شروع والے رفع یدین کا منع ثابت نہیں ہوتا۔ شبہ نمبر 4:  یہ لوگ امام دار قطنی رحمۃ اللہ علیہ کے حوالے سے ایک خواب بھی بیان کرتے ہیں کہ ان کے استاذ نے ایک خواب دیکھا۔ اس خواب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو رفع الیدین کے ساتھ نماز پڑھتے دیکھا۔جواب:  غیر مقلدین اور انجینئر مرزا محمد علی صاحب بزرگوں کے خوابوں کے بارے میں ایسی سخت اور مضحکہ خیز باتیں کرتے رہتے ہیں  کہ الامان و الحفیظ اور اب یہاں خواب سے  ایک شرعی مسئلہ کا اثبات کر رہے ہیں! بھلا ان کا یہ استدلال کہاں درست ہو سکتا ہے؟!   نیز یہ بات بھی واضح رہے کہ امتی کے خواب سے شرعی مسئلہ کا اثبات نہیں ہوتا بلکہ دلیل سے ہوتاہے۔شبہ نمبر 5:  یہ لوگ مفتی محمدتقی عثمانی مدظلہم العالی کا ایک حوالہ دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ انہوں نے کہا ہے کہ صحیح مسلم کی اس روایت کو ترک رفع یدین پر محمول کرنا ٹھیک نہیں ہے۔جواب:حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی حفظہ اللہ نے ترک رفع یدین کے دلائل پر مشتمل ایک تحریر کی تصدیق کرتے ہوئے” الجواب صحیح“ لکھاہے۔ ان دلائل میں یہی حدیث جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ  موجود ہے۔ انجینئر مرزا محمد علی صاحب جن کو اپنااستاذ مانتے ہیں وہی زبیر علی زئی صاحب اپنے رسالہ ”الحدیث“ میں ان الفاظ میں اس حقیقت کا اقرار کرتے ہیں:ماہنامہ ”الحدیث “ کے اس شمارہ میں ص 19 پر دلیل نمبر 13 کے تحت حدیث جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ موجود ہے جس سے ترکِ رفع یدین پر استدلال کیا گیا ہے۔اب انجینئر مرزا محمد علی صاحب کو اور غیر مقلدین کو بھی مان لینا چاہیے کہ حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی حفظہ اللہ اس روایت کو مستدل بنانے  سے اتفاق کرتے ہیں۔واللہ اعلم بالصوابدارالافتاء مرکز اہل السنۃ والجماعۃ سرگودھا

© Copyright 2025, All Rights Reserved