• مركز أهل السنة والجماعة
  • دارُالإفتاء أوقات: ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافھہ و واتس‌اپ 08:00 تا عصر

غیر مسلموں کو اسلام کی دعوت کیسے دی جائے؟

استفتاء

غیر مسلموں کو اسلام کی طرف کس طرح مائل کر کے ان کو اسلام کی دعوت دی جا سکتی ہے؟ بالترتیب بیان فرمائیں اور اس مقصد کے لیے کون کون سی کتابوں کا مطالعہ کرنا پڑے گا ؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

[۱]:    غیر مسلموں کو اسلام کی طرف مائل کرنے اور اسلام کی دعوت دینے کے لیے درج ذیل کام سرانجام دیئے جائیں:

1:      رجوع الی اللہ کا اہتمام کیا جائے اور باری تعالیٰ سے دعا کی جائے کہ ہماری زبان اور عمل میں وہ تاثیر پیدا ہو جس سے غیر مسلموں کے دل اسلام کی  طرف راغب ہو جائیں۔ دعوت کی پہلی سیڑھی رجوع الی اللہ ہے۔

2:      اسلام کی خوبیاں ان کے سامنے اجاگر کی جائیں۔ انہیں یہ باور کرایا جائے کہ اسلام میں تمام شعبہ ہائے زندگی کے متعلق رہنمائی موجود ہے جس سے انسانی زندگی کو صحیح روشنی ملے گی۔ اسلام کے معاشرتی، معاشی اور  اخلاقی نظام سے غیر مسلموں کو روشناس کرایا جائے۔

3:      بہترین اور مؤثر ذریعہ اپنے کردار کو پیش کرنا ہے۔ اس لیے غیر مسلموں کے سامنے اپنے کردار وعمل کو عمدہ سے عمدہ بنا کر پیش کیا جائے۔ جب ہمارے اخلاق و اطوار اچھے ہوں گے اور محبت و الفت، ملنساری، دوسروں کی مدد کا جذبہ، رفاہی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ، تحمل، عفو ودرگزر جیسی عظیم صفات کا اظہار ہمارے کردار سے ہو گا تو یقیناً یہ چیز غیر مسلموں کو اسلام کی طرف راغب کرنے میں مؤثر ہو گی۔

4:      بعض اشکالات جو غیر مسلم اذہان میں اسلام اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں عام طور پر گردش کر رہے ہیں انہیں دور کرنے کی کوشش کی جائے۔  بعض غیر مسلم واقعتاً ان اشکالات کے پیش نظر اسلام کی طرف رغبت نہیں کرتے۔ اس لیے اگر ان اشکالات کو حل کیا جائے امید قوی ہے کہ وہ اسلام قبول کریں گے۔

ان امور کے اہتمام سے ان شاء اللہ میدانِ دعوت میں میں کامیابی ہو گی۔

[۲]:    اس مقصد کے لیے درج ذیل کتب مطالعہ میں رکھی جائیں:

  • معارف القرآن(خصوصاً دعوت کے متعلق آیات کی تفسیر)، از مفتی محمد شفیع عثمانی رحمہ اللہ
  • دعوت وتبلیغ کے اصول وضوابط، از حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ
  • اسلامی احکام عقل کی نظر میں، از حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ
  • الانتباہات المفیدۃ، از حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ
  • کتاب الاستفسار، از مولانا سید آل حسن موہانی رحمہ اللہ (مع مقدمہ از علامہ خالد محمود رحمہ اللہ)
  • اسلام کیا ہے؟، از مولانا منظور احمد نعمانی رحمہ اللہ
  • بائبل سے قرآن تک، از مفتی محمد تقی عثمانی حفظہ اللہ
  • نسیمِ ہدایت کے جھونکے، از مولانا محمد کلیم صدیقی حفظہ اللہ

© Copyright 2025, All Rights Reserved