• مركز أهل السنة والجماعة
  • دارُالإفتاء أوقات: ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافھہ و واتس‌اپ 08:00 تا عصر

معذور کا حکم

استفتاء

عرض ہے کہ ایک نہایت بوڑھی عورت ہے۔ نہ وہ چل پاتی ہے، نہ خود سے بیٹھ سکتی ہے، نہ وہ وضو کر پاتی ہے۔ وقتاً فوقتاً  اس کا پیشاب بھی نکلتا رہتا ہے۔ وہ نماز پڑھنا چاہتی ہے لیکن دورانِ نماز پیشاب نکل جاتا ہے تو اس صورت میں وہ نماز کس طرح ادا کرے؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

اس بزرگ خاتون کی دیکھ بھال کرنے والی خواتین یہ نوٹ کریں کہ کسی بھی نماز کے وقت کے مکمل دورانیہ میں اگر اسے اتنا وقت مل جاتا ہو جس میں نماز کے صرف فرض ادا کیے جا سکتے ہوں اور اس میں یہ عذر (پیشاب خطا ہونے والا) پیش نہ آئے تو ان لمحات کا انتظار کیا جائے اور اسی میں نماز ادا کرائی جائے۔ اگر اتنا وقت بھی نہ ملے اور عذر مسلسل جاری رہے تو یہ خاتون شرعاً معذور ہے۔ اب اس کی نماز کا طریقہ یہ ہے کہ ہر نماز کے وقت میں اسے وضو کرا دیا جائے۔ وضو ممکن نہ ہو تو تیمم کرا  کے پاک کپڑے پہنا دیے جائیں۔ اب یہ خاتون اس نماز کے وقت کے ختم ہونے تک جو بھی عبادت کرنا چاہے کر سکتی ہے۔ عبادت کے دوران اس عذر کے پیش آنے  کے باوجود وضو نہیں ٹوٹے گا بلکہ بدستور باقی رہے گا۔ ہاں اگر وضو توڑنے والی کوئی اور چیز لاحق ہوئی تو پھر وضو ٹوٹ جائے گا۔ ایک نماز کا وقت ختم ہوتے ہی اس کا وضو خود بخود ختم ہو جائے گا۔ اب دوسری نماز کے لیے پھر اسی طریقہ پر عمل کیا جائے۔

© Copyright 2025, All Rights Reserved