- رابطہ: 00923049822051
- ای میل دارالافتاء: markazhanfi@gmail.com
استفتاء
کافی لوگ کہتے ہیں کہ حدیث میں آیا ہے کہ رجب اللہ تعالیٰ کا مہینہ ہے، شعبان ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا مہینہ ہے اور رمضان المبارک مسلمانوں کا مہینہ ہے۔ کیا ایسی کوئی حدیث ہے؟ اگر ہو تو حوالہ بتا دیجیے!
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
اس حوالے سے ایک روایت ملتی ہےجسے حافظ ابو القاسم علی بن ابی محمد الحسن بن ھبۃ اللہ المعروف ابن عساکر (ت 571ھ) نے نقل کیا ہے:
عن أنس بن مالك رضی اللہ عنہ قال قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: “رجب شهر الله تعالٰى وشعبان شهري ورمضان شهر أمتي.”
(معجم ابن عساکر: ج1 ص186)
ترجمہ: حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: رجب اللہ تعالیٰ کا مہینہ ہے، شعبان میرا مہینہ ہے اور رمضان میری امت کا مہینہ ہے۔
اس روایت کو نقل کر کے حافظ ابن عساکر رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
هذا حديث غريب جدا وفي إسناده غير واحد من المجهولين.
(معجم ابن عساکر: ج1 ص186)
ترجمہ: یہ حدیث بہت زیادہ ”غریب“ ہے اور اس کی سند میں بہت سے راوی مجہول ہیں۔
امام ابوالفرج عبد الرحمٰن بن ابی الحسن علی تمیمی المعروف ابن جوزی (ت597ھ) نے اسے موضوعات میں شمار کیا ہے۔
(الموضوعات لابن الجوزی: ج2 ص124)
حافظ ابو الفضل شہاب الدین احمد بن علی ابن حجر عسقلانی الشافعی (ت852ھ) نے بھی اس روایت کو ”باطل“ قرار دیا ہے۔
(تبیین العجب مما ورد فی فضل رجب لابن حجر: ص7)
امام رضی الدین الحسن بن محمد بن الحسن بن العمری الصَغَانی الحنفی (ت650ھ) نے بھی اسے موضوعات میں شمار کیا ہے۔
(الموضوعات للصَغَانی: ص4)
لہذا اس روایت کو بیان کرنے سے احتراز کیا جائے۔
© Copyright 2025, All Rights Reserved